سری نگر : سری نگر کے زینہ کدل سے تعلق رکھنے والے پدم شری انعام یافتہ سنتور ساز غلام محمد زز کا ماننا ہے کہ اپنے اسلاف کے پیشے کو ایمانداری سے جاری رکھنے سے اعزازت و انعامات نصیب ہوجاتے ہیں۔ بتادیں کہ وادی کے مشہور سنتور ساز غلام محمد زز کو امسال یوم جمہوریہ کے موقعے پر پدم شری اعزاز سے سر فراز کیا گیا۔ موصوف کاریگر وادی میں سنتور بنانے کے استاد مانے جاتے ہیں انہوں نے یہ فن اپنے اسلاف سے سیکھا ہے اور اسی کو اپنا ذریعہ معاش بنایا ہے ۔ انہوں نے یو این آئی کے ساتھ اپنی گفتگو کے دوران کہا کہ اپنے اسلاف کے پیشے کو ایمانداری سے جاری رکھنے سے بڑے اعزازات اور انعامات نصیب ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا: ‘ہم سنتور ، رباب وغیرہ جیسے آلات بناتے ہیں ہمارے اسلاف کو اللہ نے پہلے ہی اعزاز سے نوازا تھا جس کی وجہ سے وہ مشہور تھے ۔ انہوں نے کہا کہ میں بھی ایماندرای سے کام کرتا ہوں یہی وجہ ہے مجھے بھی اعزاز نصیب ہوا۔غلام محمد زز نے کہا کہ دو بڑے فنکاروں شیو کمار شرما اور بھجن سوپوری نے سنتور کو ملک بھر میں متعارف کیا۔