کانگریس کے دوبارہ اقتدار اور 18 لوک سبھا نشستوں کی حکمت عملی
حیدرآباد۔ 12 جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی 20 جولائی سے پارلیمنٹ کے مانسون سیشن کے آغاز کے بعد نئی دہلی میں پارٹی اعلیٰ کمان کے قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے لوک سبھا اور اسمبلی نشستوں کی ازسرنو حد بندی کی صورت میں تلنگانہ میں کانگریس کی صورتحال پر رپورٹ پیش کریں گے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق حلقہ جات کی حدبندی کی صورت میں تلنگانہ کی سیاسی صورتحال اور کانگریس پارٹی کے امکانات پر ریونت ریڈی نے رپورٹ تیاری کا کام شروع کردیا ہے۔ صدر کانگریس ملکارجن کھرگے اور لوک سبھا کے قائد اپوزیشن راہول گاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے تفصیلات سے واقف کرائیں گے۔ مانسون سیشن 20 جولائی تا 13 اگست منعقد ہوگا۔ چیف منسٹرکے قریبی ذرائع نے بتایا کہ موجودہ 119 اسمبلی حلقوں کی تعداد 182 ہو جائے گی جبکہ ریاست میں لوک سبھا کی نشستیں 17 سے بڑھ کر 26 ہو سکتی ہیں۔ چیف منسٹر نے 115 اسمبلی حلقہ جات میں کانگریس کے مضبوط موقف کا دعویٰ کیا ہے۔ ریونت ریڈی ہائی کمان کو آئندہ اسمبلی انتخابات کی حکمت عملی اور لوک سبھا کی زائد نشستوں پر کامیابی کے امکانات سے واقف کرائیں گے۔ مرکز میں کانگریس کے دوبارہ برسر اقتدار آنے کے لئے زائد لوک سبھا نشستوں کا حصول ضروری ہے لہذا کانگریس زیر اقتدار ریاستوں پر ہائی کمان نے توجہ مرکوز کی ہے۔ تلنگانہ میں کانگریس کے لوک سبھا ارکان کی تعداد فی الوقت 8 ہے اور ریونت ریڈی 26 امکانی نشستوں میں کم از کم 18 پر کامیابی کی حکمت عملی تیار کررہے ہیں۔ 1؍F