اسمبلی میں اپوزیشن کی تین تحریکات التواء نامنظور

   

حیدرآباد۔/17 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی جی پرساد کمار نے اپوزیشن کی تین تحریکات التواء کو نامنظور کردیا۔ وقفہ سوالات کے بعد اسپیکر نے بی آر ایس، بی جے پی اور سی پی آئی کی پیش کی گئی تحریکات التواء کو پڑھ کر سنایا اور نامنظور کرنے کا اعلان کیا۔ بی آر ایس کے کے ٹی راما راؤ اور دوسروں نے صنعتوں کے قیام کیلئے کسانوں سے زرعی اراضیات کے حصول اور کسانوں کی جانب سے احتجاج پر گرفتاریوں کے مسئلہ پر ایوان میں مباحث کی مانگ کرتے ہوئے تحریک التواء پیش کی۔ بی جے پی فلور لیڈر مہیشور ریڈی نے انتخابات کے وقت کانگریس حکومت کی 6 ضمانتوں کو قانونی شکل دینے کا مطالبہ کیا اور اس مسئلہ پر ایوان میں مباحث کی مانگ کی۔ سی پی آئی کے رکن کے سامبا سیوا راؤ نے بھدرادری کتہ گوڑم کی مندروں کی اراضیات پر کاشت کرنے والے کسانوں کو رعیتو بندھو اسکیم اور اراضی پٹہ جات الاٹ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے مباحث پر زور دیا۔ 1
اسپیکر نے تینوں تحریکات کو نامنظور کردیا جبکہ بی آر ایس ارکان نے تحریک کی نامنظوری پر نعرہ بازی کرتے ہوئے احتجاج درج کرایا۔1