اسمبلی میں اپوزیشن کی تین تحریکات التواء نامنظور

   

حیدرآباد۔/18 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی جی پرساد کمار نے اپوزیشن کی تین علحدہ تحریکات التواء کو نامنظور کردیا۔ اسمبلی میں بھو بھارتی بل کی پیشکشی کے بعد اسپیکر نے بی آر ایس ، بی جے پی اور سی پی آئی کی جانب سے دی گئی تحریکات التواء کو پڑھ کر سنایا اور نامنظور کرنے کا اعلان کیا۔ کے ٹی راما راؤ اور دیگر بی آر ایس ارکان نے ریاست میں آٹو ڈرائیورس کو حکومت کی جانب سے سالانہ امداد کی فراہمی اور ویلفیر بورڈ کی تشکیل کا مطالبہ کرتے ہوئے ایوان میں مباحث کی اپیل کی۔ بی جے پی فلور لیڈر مہیشور ریڈی نے تلنگانہ میں کانگریس کی جانب سے کسانوں کے ساتھ کئے گئے وعدوں پر عمل آوری کے سلسلہ میں مباحث کی مانگ کی۔ سی پی آئی کے رکن کے سامبا سیوا راؤ نے جینکو ، ٹرانسکو اور ڈیسکامس میں خدمات انجام دینے والے آرٹیزنس کو اقل ترین اُجرت کی فراہمی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ہزاروں کی تعداد میں آرٹیزنس معاشی مسائل کا شکار ہیں۔ اسپیکر نے تحریکات کو نامنظور کردیا جس پر بی آر ایس ارکان نے نعرہ بازی کی اور آٹو ڈرائیورس سے انصاف کا مطالبہ کیا۔ اسپیکر نے اس مسئلہ کو وقفہ صفر میں پیش کرنے کا مشورہ دیا۔1