حیدرآباد۔/17ڈسمبر،( سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں بی آر ایس کے ارکان نے آج سیاہ رنگ کے شرٹ اور ٹی شرٹ پہن کر منفرد احتجاج درج کرایا۔ کارروائی کے آغاز کے ساتھ ہی بی آر ایس کے ارکان سیاہ رنگ کے شرٹ اور ٹی شرٹ میں ایوان میں داخل ہوئے۔ وہ وقارآباد کے لگچرلہ میں کسانوں کی گرفتاری اور انہیں ہتھکڑی لگانے کے خلاف نعرے لگارہے تھے۔ اسپیکر جی پرساد کمار نے بی آر ایس ارکان کو ایوان کی روایات ملحوظ رکھنے اور نعرہ بازی بند کرنے کی ہدایت دی۔ وقفہ سوالات کے آغاز تک بھی بی آر ایس کے ارکان احتجاج کرتے رہے۔ سابق وزیر ہریش راؤ پارٹی ارکان کی قیادت کررہے تھے۔ انہوں نے وقارآباد میں کسانوں کی گرفتاری کے مسئلہ پر مباحث کا مطالبہ کیا۔ بی آر ایس کی جانب سے دونوں ایوانوں میں سیاہ شرٹ اور ٹی شرٹ کے ساتھ ارکان نے دن بھر احتجاج درج کرایا۔1