اسمبلی میں وزراء اور ارکان اسمبلی نے آنکھوں کا معائنہ کرایا

   

ہریش راؤ نے مجلسی ارکان کے معائنے کرائے
حیدرآباد۔/8 فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں آج حکومت کی اسکیم ’ آنکھوں کی روشنی‘ کا کیمپ منعقد کیا گیا جس میں ریاستی وزراء اور کئی ارکان اسمبلی نے معائنے کرائے۔ وزیر فینانس ہریش راؤ نے مجلسی ارکان اسمبلی اکبر اویسی، احمد پاشاہ قادری، ممتاز خاں اور دوسروں کو آنکھوں کے معائنہ کیمپ لاکر تفصیلات سے واقف کرایا۔ ہریش راؤ نے اپنی موجودگی میں ارکان اسمبلی کی آنکھوں کا معائنہ کرایا۔ انہوں نے ارکان اسمبلی کو کیمپ میں دی جارہی سہولتوں سے واقف کرایا۔ مجلسی ارکان اسمبلی نے ’ آنکھوں کی روشنی‘ پروگرام کی ستائش کی جس کے ذریعہ غریبوں کو معائنہ کے علاوہ مفت عینک فراہم کی جارہی ہے۔ مجلسی ارکان اسمبلی نے اس پروگرام کی ستائش کی اور چیف منسٹر کے سی آر اور وزیر صحت ہریش راؤ کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں یہ پروگرام کامیابی سے جاری ہے۔ اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی نے کیمپ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر صدرنشین قانون سازکونسل جی سکھیندر ریڈی، ریاستی وزراء پرشانت ریڈی، ہریش راؤ، ارکان اسمبلی پدما دیویندر ریڈی، ونئے بھاسکر اور دوسرے موجود تھے۔ اسپیکر، صدر نشین کونسل اور وزراء پرشانت ریڈی اور دیاکر راؤ نے اپنی آنکھوں کا معائنہ کرایا۔ر