کورونا سے عوام کو بچانے کی ضرورت ، اضلاع کے قائدین کی سابق وزیر سے ملاقات
حیدرآباد: سابق ریاستی وزیر ایٹالہ راجندر نے اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ کے بارے میں جلد بازی میں فیصلہ کرنے سے گریز کیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اس مسئلہ پر مختلف قائدین اور حامیوں سے تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی صورتحال میں بہتری کے بعد وہ اس بارے میں کوئی فیصلہ کریں گے ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے راجندر نے کہا کہ کورونا کی صورتحال میں عوام پریشان ہیں ، ایسے میں وہ نہیں چاہتے کہ کوئی سیاسی قدم اٹھائیں کیونکہ عوام کی صحت اور تحفظ سے بڑھ کر سیاسی مفادات نہیں ہوسکتے ۔ کریم نگر کے علاوہ دیگر اضلاع سے بھی راجندر کو تائید حاصل ہورہی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹی آر ایس کو انتظار ہے کہ راجندر اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دیں جبکہ راجندر کے حامی دیکھنا چاہتے ہیں کہ ٹی آر ایس قیادت کب تک راجندر کے خلاف کارروائین ہیں کرے گی۔ چیف منسٹر پر دباؤ بڑھ رہا ہے کہ مخالف پارٹی سرگرمیوں کے نتیجہ میں راجندر کو پارٹی سے برطرف کیا جائے ۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر اس مسئلہ پر عجلت میں کوئی فیصلہ کرنے نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر صحت کی حیثیت سے وہ حکومت کو مشورہ دے رہے ہیں کہ کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے منظم منصوبہ تیار کیا جائے ۔ انہوں نے غریب خاندانوں کے مفت علاج کیلئے کورونا کو آروگیہ شری اسکیم کے تحت شامل کرنے کی تجویز پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی زندگی کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہئے ۔ انہوں نے ایڈوکیٹ جوڑے کے قتل میں ملوث ٹی آر ایس قائد پی مدھو سے انہیں جوڑنے کی کوشش کی مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ منظم انداز میں حکومت ان کے خلاف سازش کر رہی ہے۔ اراضیات پر ناجائز قبضوں کے الزامات کے بعد ایڈوکیٹ جوڑے کے قتل میں نام شامل کیا جارہا ہے ۔ راجندر نے کہا کہ تلنگانہ عوام حکومت کو مناسب وقت پر سبق سکھائیں گے۔ اسی دوران حضور آباد اور دیگر اسمبلی حلقہ جات سے تعلق رکھنے والے مجالس مقامی کے نمائندوں ، سرپنچوں ، ایم پی ٹی سی ، زیڈ پی ٹی سی ، زرعی سوسائٹیوں کے صدرنشین اور دیگر نے حیدرآباد پہنچ کر راجندر سے ملاقات کی اور تائید کا اعلان کیا ۔ دوسری طرف حکومت نے حلقہ اسمبلی حضور آباد میں آر ڈی او ، تحصیلدار ، تین انسپکٹرس اور ایم پی ڈی اوز کا تبادلہ کردیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ وہ راجندر سے قربت رکھتے ہیں۔ حکومت حضور آباد حلقہ میں راجندر کے اثر کو کم کرنا چاہتی ہے ۔ لہذا نئے عہدیداروں کا تقرر کیا گیا ہے ۔