گال : آسٹریلیا کے لیجنڈری بیٹر اسٹیو اسمتھ نے ٹسٹ کرکٹ میں بڑا کارنامہ انجام دے دیا۔ سری لنکا کے خلاف کھیلے جا رہے پہلے ٹسٹ میں اسمتھ نے پہلا رن بنا کر تاریخ رقم کی۔ اب اسمتھ نے کرکٹ کے اس طویل ترین فارمیٹ میں 10 ہزار رنز مکمل کر لیے ہیں۔ ویراٹ کوہلی اور کین ولین جیسے عظیم کھلاڑی بھی ٹسٹ میں یہ کارنامہ انجام نہیں دے سکے۔ دونوں بڑے کھلاڑیوں کو شکست دے کر آسٹریلیا کا یہ اسٹار کھلاڑی ان سے آگے نکل گیا ہے۔ یہی نہیں، اسمتھ ٹسٹ سنچریوں کے معاملے میں بھی دونوں سے آگے ہیں۔ اسمتھ نے سری لنکا کی سرزمین پر ٹسٹ کرکٹ میں ایک خاص ریکارڈ بنایا اور وہ بھی صرف ایک رن بنا کر۔ ہندوستان کے خلاف بارڈر ۔گواسکر ٹرافی ختم ہونے تک اسمتھ نے ٹسٹ میں 9999 رنز بنائے تھے۔ انہیں 10,000 ٹسٹ رنز بنانے کے لیے صرف ایک رن کی ضرورت تھی۔ انہوں نے یہ خاص سنگ میل سری لنکا کے خلاف پہلے ٹسٹ کی پہلی اننگز میں پہلا رن بنا کر حاصل کیا۔ انہوں نے یہ کارنامہ 115 میچوں کی205 اننگز میں انجام دیا۔ اب اسمتھ ٹسٹ میں 10,000 رنز بنانے والے چوتھے آسٹریلوی اور مجموعی طور پر15ویں بیٹر بن گئے ہیں۔ کوہلی، کین ولیمسن، جیو روٹ اور اسٹیو اسمتھ کا شمار فیب فور یعنی بہترین چار کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔ ٹسٹ فارمیٹ میں چاروں میں جیو روٹ سب سے آگے ہیں۔ ان چاروں میں ان کے پاس سب سے زیادہ ٹسٹ رنز (12972) اور سب سے زیادہ ٹسٹ سنچریاں (36) ہیں۔ اب اسمتھ نے10 ہزار رنز کا ہندسہ بھی عبور کرلیا ہے لیکن ہندوستانی لیجنڈ ویراٹ کوہلی اور نیوزی لینڈ کے اسٹار کین ولیمسن ابھی تک اس اعداد و شمار سے دور ہیں۔ کوہلی کے نام ٹسٹ میں 9230 اور ولیمسن کے نام 9276 رنز ہیں۔ ٹسٹ رنز کے علاوہ اسمتھ ٹسٹ سنچریوں کے معاملے میں بھی کوہلی اور ولیمسن سے آگے ہیں۔ کین ولیمسن نے 105 میچوں کی 186 اننگز میں 9276 رنز بنائے اور33 سنچریاں اسکور کیں۔ ویراٹ کوہلی کی بات کریں تو انہوں نے 123 میچوں کی 210 اننگز میں 9230 رنز بنائے اور 30 سنچریاں بنائیں۔ جبکہ اسمتھ کے نام اس فارمیٹ میں رواں ٹسٹ سے قبل 34 سنچریاں درج تھی۔
خواجہ اور اسمتھ کی سنچریاں
آسٹریلیا 330/2
گال:کارگزار کپتان اسٹیو اسمتھ اور بائیں ہاتھ کے اوپنر عثمان خواجہ کی شاندار سنچریوں کی بدولت آسٹریلیا نے یہاں سری لنکا کے خلاف شروع ہوئے پہلے ٹسٹ کے پہلے دن 330/2 کا شاندار اسکور بنالیا ہے ۔ خواجہ 147 رنز اور اسمتھ 104 رنز بناکر ناٹ آوٹ ہیں جبکہ اننگز کا آغاز کرنے والے ٹرویس ہیڈ نے تیز رفتار 57 رنز اسکور کئے ۔آوٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی لبوشین (20 ) رہے۔