میڈرڈ۔ 9 فروری (سیاست ڈاٹ کام) شمال مشرقی اسپین میں ہوئے ایک ٹرین حادثہ میں ٹرین ڈرائیور ہلاک اور دیگر چار افراد زخمی ہوگئے۔ بارسلونا میں دو ٹرینیں آمنے سامنے متصادم ہوگئیں۔ ریل کمپنی کی ایک ایمرجنسی سرویس نے بتایا کہ حادثہ بھیڑ بھاڑ کے اوقات میں رونما ہوا جس میں ایک ٹرین کا 26 سالہ نوجوان ڈرائیور ہلاک ہوگیا جبکہ چار مسافرین شدید طور پر زخمی ہوئے۔ اس حادثہ کی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ گزشتہ سال نومبر میں اسی لائن پر ایک حادثہ ہوا تھا جب زمین کھسکنے سے ایک ٹرین پٹری سے اُتر گئی تھی جس میں ایک فرد ہلاک اور 49 دیگر زخمی ہوئے تھے۔