اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی طلبا کی امتحان ملتوی کرانے کی چال

   

نئی دہلی : دہلی میں گزشتہ دنوں کئی اسکولوں میں ای میل کے ذریعہ بم کی دھمکی دی گئی تھی۔ اب اس معاملہ میں دہلی پولیس نے حیران کن انکشاف کیا ہے۔ پولیس نے بتایا ہے کہ قریب 3 اسکولوں میں یہ دھمکی اْنہی اسکولوں کے طلبا کے ذریعہ دی گئی تھی۔ جن اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی ملی تھی ان میں ایک وینکٹیشور اسکول بھی تھا، جسے 28 نومبر کو روہنی پرشانت وِہار پی وی آر ملٹی پلیکس میں پر اسرار دھماکہ کے ایک دن بعد دھمکی بھرا ای میل ملا تھا۔ پولیس افسر نے کہا کہ یہ ای میل اسکول میں پڑھنے والے بھائی۔بہنوں نے بھیجا تھا کیونکہ وہ چاہتے تھے کہ امتحان ملتوی کر دیا جائے۔ ایک افسر نے بتایا کہ کاؤنسلنگ کے دوران دونوں طلبا نے خلاصہ کیا کہ ان کے دل میں یہ خیال اسکولوں کو بم کی دھمکی دینے کے پچھلے معاملوں سے آیا تھا۔ طلبا کے والدین کو وارننگ کے بعد جانے کی اجازت دی گئی۔ ایک دیگر پولیس افسر کے مطابق روہنی اور پچھم وِہار واقع دو اور اسکولوں کو ان کے طلبا نے ہی دھمکی بھرے ای میل بھیجے تھے۔