اشرف غنی کے دوبارہ انتخاب پر مودی کی مبارکباد

   

کابل 24 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندرمودی نے افغانستان کے صدر اشرف غنی کو دوسری پانچ سالہ معیاد کیلئے ان کے دوبارہ انتخاب پر مبارکباد دی ہے اور انہیں تیقن دیا ہے کہ افغانستان میں قیام امن کیلئے ہندوستان کی مدد جاری رہے گی ۔ افغانستان کے انتخابی عہدیداروں نے اتوار کو اعلان کیا تھا کہ صدر اشرف غنی نے صدارتی انتخابات میں 50.64 فیصد ووٹ حاصل کئے ہیں جبکہ اشرف غنی کے مخالف امیدوار عبداللہ عبداللہ نے نتائج کو مسترد کردیا ہے اور انہوں نے ان نتائج کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے ماہ ستمبر میں ہوئے انتخابات میں دھوکہ دہی اور بدعنوانیوں کا الزام عائد کیا ہے ۔ اشرف غنی نے آج اپنے ٹوئیٹس میں کہا کہ ان کے عزیز دوست اور وزیر اعظم ہند نریندر مودی نے آج دو پہر انہیں فون کرتے ہوئے ابتدائی نتائج میں میری کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مودی نے صدارتی انتخابات کے کامیاب انعقاد پر افغانستان کے عوام کو بھی مبارکباد دی ہے ۔ اشرف غنی نے کہا کہ ہندوستان ایک دوست ملک اور پڑوسی ہے اور دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت بھی ہے اور وہ افغانستان کی مدد بھی کرتا ہے ۔