اضلاع اور شہر میں آئندہ 5 یوم تک شدید بارش کی پیش قیاسی

   

حیدرآباد 7 جولائی (سیاست نیوز) مختلف اضلاع اوردونوں شہروں میں آئندہ 5یوم تک تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ اضلاع اور شہر میں آئندہ دو یوم میں موسلادھار بارش کا امکان ہے اور اس کے بعد تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ مزید تین یوم جاری رہنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات اور ماہرین کی پیش قیاسی کے کے بعد حکومت سے تمام اضلاع میں زرد الرٹ جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے تین یوم قبل بھی دونو ںشہروں کے علاوہ ریاست کے بیشتر اضلاع میں موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی گئی تھی اور حیدرآباد وسکندرآباد کیلئے زرد الرٹ جاری کیاگیا تھا لیکن دونوں شہروں کے کچھ مقامات پر موسلادھار بارش ہوئی جبکہ نئے شہر کے بیشتر علاقوں میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی ۔ تلنگانہ اضلاع بالخصوص جنوبی اضلاع میں بارش کے متعلق کہا جا رہاہے ہے کہ ان علاقوں میں معمول کے مطابق بارش ہو رہی ہے ۔ گذشتہ شب دونوں شہروں کے مختلف علاقوں میں ہلکی اورتیز بارش ہوئی لیکن مادھاپور اور اطراف میں شام کے وقت موسلادھار بارش رہی ۔ محکمہ موسمیات کی تفصیلات کے مطابق نواحی علاقوں مادھاپور میں گذشتہ شب7.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس سے مادھاپورکی بیشتر سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا اور بلدی عملہ کو پانی کی نکاسی میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا ۔ اس کے علاوہ بالا نگر ‘ فتح نگر ‘ موسیٰ پیٹ ‘ یوسف گوڑہ ‘ بورابنڈہ و دیگر علاقوں میں بھی موسلادھار بارش ہوئی ۔ تلنگانہ میں آئندہ ہفتہ موسم کے سلسلہ میں جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ آئندہ ہفتہ خشک نہیں ہوگا بلکہ دوشنبہ سے ہی بارشوں کا سلسلہ جاری ہوگا جو کہ آئندہ 5یوم تک جاری رہے گا۔3