اخلاق کو ترجیح دینے پر خوشگوار زندگی، دو بہ دو پروگرام میں سرکردہ شخصیتوں کا خطاب
حیدرآباد 18 ستمبر (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے علاقہ ٹولی چوکی میں سیاست اور ملت فنڈ کے زیراہتمام رشتوں کا 117 واں دو بہ دو ملاقات پروگرام ایس اے ایمپرئیل گارڈن میں منعقد ہوا۔ پروگرام میں مقیم والدین اور سرپرستوں کی کثیر تعداد نے لڑکوں اور لڑکیوں کا رجسٹریشن کروایا اور والدین سے رشتہ کے ضمن میں بات چیت کی۔ جناب ظہیرالدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست نگران پروگرام کے علاوہ جناب محمد معین الدین صدر ایف ٹی سی، جناب منور حسین برادر جناب جعفر حسین معراج رکن اسمبلی، جناب فضل یوسف الدین، جناب محمد رفیع اور دوسروں نے کاؤنٹرس کا معائنہ کیا اور پروگرام کی کارکردگی پر معلومات حاصل کی۔ جناب محمد معین الدین صدر ایف ٹی سی نے کہاکہ موجودہ دور نازک صورتحال اختیار کرچکا ہے ایسے میں ملت اسلامیہ کے لڑکے اور لڑکیاں جن کا تعلیم کی طرف رجحان زیادہ اور اعلیٰ ڈگریاں حاصل کرنے کا ہے اس سے ان کے معیارات میں نمایاں تبدیلی پیدا ہورہی ہے۔ انھوں نے کہاکہ رشتے تلاش کرنے میں والدین اس جستجو و فکر میں ہیں کہ لڑکا بھی اعلیٰ تعلیم یافتہ اور فنی اعتبار سے ماہر ہو، وہیں لڑکی بھی اعلیٰ تعلیم یافتہ ہو، ساتھ ان دونوں کی اعلیٰ ملازمت و تنخواہیں ہو۔ ان معیارات کی تلاش میں لڑکے اور لڑکیوں کی عمریں دراز ہوتی جارہی ہیں اس لئے ضروری ہے کہ والدین لڑکوں اور لڑکیوں کے اخلاق کو انتخاب کے وقت ترجیح دیں تو خوشگوار زندگی بسر ہوسکے گی۔ جناب ماجد انصاری سی ای او دکن پروفیشنل کنسلٹنٹ نے کہاکہ آج کے دور میں ملت و قوم کی بہترین رشتے اور لڑکوں اور لڑکیوں کی اچھے گھرانوں میں شادیوں کے لئے سرگرمی دکھائی جارہی ہے جس میں تعاون سیاست اور ملت فنڈ کا صف اول ہے لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ رشتہ کے انتخاب میں اخلاق اور تعلیم کی طرف توجہ کے ساتھ لڑکے کے لئے ہاں بینک بیالنس اور ذاتی مکان و کاروبار کو ترجیح دی جارہی ہے۔ انھوں نے جناب زاہد علی خان مدیر سیاست، جناب ظہیرالدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر سیاست اور جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سیاست کی شبانہ روز محنت کے ثمرآور نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ ڈاکٹر ناظم علی نے پروگرام کے مقاصد پر روشنی ڈالی اور کہاکہ دو بہ دو پروگرام کے ذریعہ والدین میں یہ شعور پیدا کیا کہ شادی میں زیادہ لین دین نہ ہو اس لئے کہ یہ مقدس فریضہ ہے جسے اسلامی بنیادوں پر کیا جانا چاہئے۔ ڈاکٹر سیادت علی نے کہاکہ رشتوں کے انتخاب کے بعد معمولی معمولی سے اختلاف و مسائل کو طول دے کر گمبھیر بنایا جارہا ہے۔ اب بھی وقت ہے کہ ہم اپنی نیتوں میں سدھار پیدا کریں۔ لین دین کی زیادتی و خوبصورتی کو ترجیح نہ دیں۔ جناب الیاس باشاہ نے کہاکہ جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست کی سرپرستی میں یہ دو بہ دو ملاقات پروگرام آج دنیا کے کونے کونے میں اپنی پہچان بناچکا ہے۔ انھوں نے کہاکہ جب تک معاشرہ اپنی نیتوں میں سدھار و صفائی پیدا نہیں کرے گا اور صرف لین دین خوبصورتی کو ہی ترجیح دے گا اُسے کامیابی حاصل نہیں ہوسکے گی۔ جناب صالح بن عبداللہ باحازق نے بھی مخاطب کیا۔ پروگرام میں بھی لڑکوں اور لڑکیوں کے لئے علیحدہ علیحدہ رجسٹریشن کاؤنٹرس رکھے گئے۔ ان کاؤنٹرس پر محترمہ امتیاز ترنم اور محترمہ شمیم، کمپیوٹر سیکشن، محترمہ فردوس، علینا بیگم، ثناء، فاطمہ، کریمہ، عظمیٰ، غوثیہ اور دوسروں نے والدین کو کمپیوٹرس کی مدد سے لڑکوں اور لڑکیوں کے بائیو ڈاٹاس اور فوٹوز کے بتلانے میں رہنمائی کی۔ تعلیمی قابلیت کے لحاظ سے ایس ایس سی، انٹرمیڈیٹ، بی ایس سی، بی کام، ایم بی اے، ایم کام، ایم ٹیک، ایم اے، ایم ایس سی، ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس، ایم ڈی، فارمیسی، گریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ، عقدثانی، ڈپلوما ہولڈرس، معذورین اور تاخیر سے ہونے لڑکوں اور لڑکیوں کے کاؤنٹرس رکھے گئے اور ایک علیحدہ اوپن کاؤنٹر انجینئرنگ بھی رکھا گیا تھا۔ انجینئرنگ کاؤنٹر پر جناب انورالدین، شاہد حسین، ناظم علی، رئیس النساء، کوثر جہاں، آمنہ کو متعین کیا گیا۔ اس کے دیگر کاؤنٹرس پر سیدہ محمدی، اشرف، شاہانہ، تسکین، صالح بن عبداللہ باحازق، امتیاز، ثانیہ، محمد احمد، زوہا، لطیف النساء اسد، آسیہ، لطیف النساء نے والدین اور سرپرستوں کی رہبری و رہنمائی کی۔پروگرام میں جناب خالد محی الدین اسد، فرزانہ بانو، محمد نصراللہ خان نے خدمات انجام دیں۔ جناب محمد معین الدین نے بھی شادی خانہ میں سہولیات کے لئے راہیں ہموار کیں۔ پروگرام کو فیس بُک اور بیرون ممالک میں نشر کرنے کے لئے فیس بُک، انسٹا گرام، یو ٹیوب اور سیاست ٹی وی اور دیگر ذرائع سے نشر کرنے کی سہولت بھی مہیا کی گئی تھی۔ اس پروگرام کا اختتام 5 بجے شام عمل میں آیا۔ انتظامیہ نے محکمہ پولیس اور ایس اے ایمپرئیل گارڈن کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کا آغاز قاری الیاس باشاہ کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔ جناب شاہد حسین نے کارروائی چلائی اور شکریہ ادا کیا۔