افغان حکومت کے بعد طالبان کا بھی تمام قیدی رہا کرنے کا اعلان

   

کابل: طالبان نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی قید میں موجود افغان سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کو جلد رہا کر دیں گے۔ ایک دن پہلے افغانستان کے صدر اشرف غنی نے بھی اسی طرح کا اعلان کیا تھا جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ بین الافغان مذاکرات جلد شروع ہوسکتے ہیں۔دوحہ میں مقیم طالبان کے ترجمان، سہیل شاہین نے ٹوئیٹر پر بتایا کہ خیر سگالی کے اظہار کے طور پر کابل انتظامیہ کے باقی اہلکاروں کو عید الاضحیٰ سے پہلے رہا کردیا جائے گا جس سے ایک ہزار قیدیوں کی رہائی کا عمل مکمل ہوجائے گا۔صدر اشرف غنی نے منگل کو اشارہ دیا تھا کہ بین الافغان مذاکرات جلد منعقد ہوں گے۔ پانچ ہزار طالبان قیدیوں میں سے باقی کی رہائی کا اعلان کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کے بعد وہ ہفتے بھر میں طالبان کے ساتھ براہ راست مذاکرات کی توقع کررہے ہیں۔دونوں فریق عید الاضحیٰ کے موقع پر تین دن کی جنگ بندی پر بھی رضامندی کرچکے ہیں۔