افغانستان سے امریکی فوج کے تخلیہ کا کوئی حکم نہیں ملا : پنٹگان

   

واشنگٹن ۔ 8 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے ایک اعلیٰ سطحی کمانڈر نے ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ پنٹگان کو امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے جنگ زدہ افغانستان سے امریکی فوج کے تخلیہ کا کوئی حکم موصول نہیں ہوا ہے۔ کمانڈر آف دی یو ایس سنٹرل کمانڈ جنرل جوزف ووٹیل نے ایوان کے مسلح خدمات کی ارکان کمیٹی کو کانگریشنل سماعت کے دوران یہ بات بتائی۔ یاد رہیکہ گذشتہ سال ڈسمبر میں ڈونالڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ امریکہ افغانستان سے اپنی فوج کو واپس بلائیگا۔ جنرل ووٹیل نے مزید کہا کہ انکی رائے یہ ہیکہ افغانستان میں امریکی فوج کی تعداد میں کمی کرنے کا کوئی بھی فیصلہ اتحادی شراکت داروں اور حکومت افغانستان کیساتھ مشاورت کے بعد کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ فوج کے تخلیہ کیلئے افغانستان میں پائے جانے والے سیاسی حالات کو بھی مدنظر رکھے جانے کی ضرورت ہے۔ یاد رہیکہ امریکہ کی ایک اعلیٰ سطحی ٹیم خصوصی نمائندہ زلمے خلیل زاد کی قیادت میں قطر کے دارالحکومت دوحہ میں طالبان کے نمائندوں سے بات چیت کررہی ہے۔