افغانستان؛ خواتین کی عید تقریبات میں شرکت پر پابندی

   

کابل: افغانستان میں خواتین کے عید کی تقریبات میں شرکت کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ پابندی صرف 2 صوبوں بغلان اور تخار میں عائد کی گئی ہے۔عالمی میڈیا کے مطابق بغلان اور تخار کی صوبائی انتظامیہ کی جانب سے اس ضمن میں الگ الگ نوٹس بھی جاری کیے گئے ہیں جن میں خواتین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عیدالفطر کے ایام میں گروپوں کی صورت میں باہر نکلنے سے گریز کریں۔عالمی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ دونوں صوبوں کی انتظامیہ نے خواتین پر یہ پابندی علما اور مقامی اکابرین کی جانب سے مخلوط اجتماعات کے تدارک کے مطالبے کے بعد نافذ کی ہے۔واضح رہے کہ خواتین پر بڑھتی ہوئی پابندیوں کی وجہ سے طالبان پر عالمی سطح پر کڑی تنقید کی جارہی ہے۔