اقامتی اسکولس کی 9231 جائیدادوں کیلئے اعلامیہ جاری

   

12 اپریل سے درخواستوں کی وصولی، ایک ہفتہ بعد مزید جائیدادوں کا اعلان
حیدرآباد۔/6 اپریل، ( سیاست نیوز) بی سی، ایس سی، ایس ٹی اور اقلیتی اقامتی تعلیمی اداروں کی سوسائٹیز کے حدود میں مختلف زمروں کی 9231 جائیدادوں پر تقررات کیلئے پہلے مرحلے کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ۔ اس سلسلہ میں تلنگانہ ریسیڈنشیل ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشن ریکروٹمنٹ بورڈ کنوینر نے اعلامیہ جاری کرکے بتایا کہ ان جائیدادوں پر تقررات کیلئے 12 اپریل سے درخواستیں قبول کی جائیں گی۔ تلنگانہ حکومت اقامتی اسکولس کی تعلیم کو زیادہ ترجیح دے رہی ہے جس کی وجہ سے ان اداروں کی بڑے پیمانے پر توسیع ہورہی ہے۔ علحدہ ریاست کی تشکیل تک تلنگانہ میں صرف 123 اقامتی اسکولس تھے جنہیں بڑھاکر 1101 کردیا گیا ۔ مزید یہ کہ وہ آہستہ آہستہ اسکول کی سطح سے انٹر اور ڈگری کی سطح تک پھیل رہے ہیں جس کے پیش نظر ان تعلیمی اداروں میں مستقل جائیدادوں پر تقررات کئے جارہے ہیں۔ تین سال قبل متعلقہ ریسیڈنشیل تعلیمی اداروں میں 10 ہزار جائیدادوں پر تقررات کئے گئے ۔ مزید اس سے زیادہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے اعلامیہ جاری کیا گیا ۔ حکومت نے پہلے 9096 مخلوعہ جائیدادوں کی نشاندہی کی تھی۔ اس کے بعد مزید 33 بی سی ریسیڈنشیل اسکولس اور 15 ڈگری کالجس کو منظوری دی ہے اور ان اداروں کی جائیدادوں پر بھی تقررات کا فیصلہ کیا ہے اس کیلئے مزید 3 ہزار جائیدادیں منظور کی گئی ہیں۔ اس طرح تدریسی و غیر تدریسی جملہ 13,580 جائیدادوں کی نشاندہی کی ہے جن پر تقررات کیلئے حکومت نے منظوری دی ہے اور تقررات کے عمل کا آغاز ہوگیا ہے۔ جملہ 13,675 جائیدادوں میں گروپ 3، گروپ 4 کے سوائے ماباقی 10,675 جائیدادوں پر تلنگانہ ریسیڈنشیل ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹ ریکروٹمنٹ بورڈ سے تقررات کئے جائیں گے۔ پہلے مرحلہ میں 9231 جائیدادوں پر تقررات کیلئے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ ایک ہفتہ بعد ماباقی جائیدادوں پر تقررات کیلئے نوٹیفکیشن جاری کیا جائیگا۔ فی الحال ڈگری لکچرر پی ڈی ، لائبریرین 868 جونیر لکچرر، لائبریرین ، پی ڈی 2008 ، پوسٹ گریجویٹ ٹیچر ( پی جی ٹی ) 1276۔ ٹرینڈ گریجویٹ ٹیچرس ٹی جی ٹی 4090 لائبریرین اسکول 434 فزیکل ڈائرکٹرس ان اسکول 275 ڈرائینگ ٹیچرس، آرٹس ٹیچرس 134 کرافٹ انسپکٹر کرافٹ ٹیچرس 92 میوزک ٹیچرس 124 جائیدادوں پر تقررات کئے جارہے ہیں۔ن