وجہ نمائی نوٹس جاری کرنے کی ہدایت، شادی مبارک کی درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی اور فینانس کارپوریشن اسکیمات پر عمل آوری
حیدرآباد۔ 7 جون (سیاست نیوز) وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہر الدین نے فلاحی اسکیمات پر عمل آوری میں سست روی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے عہدیداروں خاص طور پر ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسرس کو ہدایت دی کہ وہ تمام فلاحی اسکیمات پر مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنائے۔ محمد اظہر الدین نے محکمہ کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا جس میں تمام اقلیتی اداروں کے سربراہوں کے علاوہ تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسرس کو مدعو کیا گیا تھا۔ اجلاس میں 6 اضلاع کے اقلیتی عہدیدار غیر حاضر رہے اور انہوں نے اپنے ماتحت عملے کو روانہ کیا۔ وزیر اقلیتی بہبود نے ضلعی عہدیداروں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں وجہ نمائی نوٹس جاری کرنے اور ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی ہدایت دی۔ اجلاس میں سکریٹری اقلیتی بہبود بی شفیع اللہ، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود ایم اے حمید، صدر نشین حج کمیٹی مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ، صدر نشین وقف بورڈ عظمت اللہ حسینی، صدر نشین اردو اکیڈیمی طاہر بن حمدان، صدر نشین اقلیتی فینانس کارپوریشن عبید اللہ کوتوال اور صدر نشین کرسچن فینانس کارپوریشن دیپک جان نے شرکت کی۔ محمد اظہر الدین نے شادی مبارک اسکیم کی درخواستیں کی یکسوئی میں تاخیر پر ناراضگی جتائی۔ شادی مبارک اسکیم کے تحت فنڈس گرین چیانل کے ذریعہ جاری کئے جاتے ہیں اور گزشتہ سال 650 کروڑ کے منجملہ 336 کروڑ خرچ کئے گئے۔ عہدیداروں نے ارکان اسمبلی اور آر ڈی او کے پاس درخواستوں کے زیر التواء ہونے کی اطلاع دی۔ اقامتی اسکولوں کی تعمیر کے لئے 72 کروڑ مرکزی حکومت سے حاصل ہوئے ہیں۔ 8 اسکولی عمارتیں تیار ہوچکی ہیں۔ وزیر اقلیتی بہبود نے زیر تکمیل کاموں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ اردو گھر شادی خانہ کی تعمیری پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ ریاست میں 233 اردو گھر شادی خانوں میں 51 مکمل ہوچکے ہیں۔ حکومت نے انجینئرس کی ٹیم کو روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ حقیقی صورتحال سے واقف ہوں۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن کی اسکیمات کے لئے 92 کروڑ جاری کئے گئے۔ اندراماں مہیلا یوجنا کے تحت اقلیتی فینانس کارپوریشن میں 45 ہزار خواتین نے اپنے نام درج کرائے ہیں۔ کارپوریشن سے الیکٹرک اسکوٹر کی فراہمی کے لئے 59188 افراد نے رجسٹریشن کیا اور ریاست بھر میں 3510 الیکٹرک اسکوٹرس جاری کئے جائیں گے۔ کارپوریشن سے 7316 سلائی مشینوں کی تقسیم ابھی باقی ہے۔ وزیر اقلیتی بہبود نے اردو اکیڈیمی کے کمپیوٹر سنٹرس کی بحالی کی ہدایت دی۔ میڑچل ملکاجگری میں قبرستانوں کی اراضی کے تحفظ کی ہدایت دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلع وقف کمیٹیاں جلد تشکیل دی جائیں گی تاکہ اوقافی جائیداد کا تحفظ ہوسکے۔ 1؍F