حج ہاوز میں ضلع اقلیتی ویلفیر آفیسرس کا اجلاس ، صدر نشین امتیاز اسحاق کا خطاب
حیدرآباد ۔ 15 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : صدر نشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن امتیاز اسحاق نے ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسرس کو اقلیتی اسکیمات کو اقلیتوں تک پہونچانے جوش و خروش کا مظاہرہ کرنے اور اسکیمات سے استفادہ اٹھانے کے لیے مکمل رہنمائی کرنے کی ہدایت دی ۔ حج ہاوز نامپلی پر آج ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسرس کا اجلاس منعقد کیا گیا ۔ صدر نشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن امتیاز اسحاق نے اس کی صدارت کی ۔ اجلاس میں منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی مالیاتی کارپوریشن اے ایچ این کرانتی کے علاوہ دوسرے عہدیداروں نے شرکت کی ۔ ریاست میں اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی جانب سے چلائے جانے والے ٹریننگ سنٹرس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا ۔ ٹریننگ سنٹرس میں مارکٹ کی قدر کے لحاظ سے حصول ملازمت کے قابل ٹریننگ کورسیس کو متعارف کرانے پر زور دیا گیا ۔ بنکوں سے مربوط قرضوں کی اجرائی کا جائزہ لیا گیا جو بھی مسائل ہیں بنکوں سے مشاورت کرتے ہوئے اس کو دور کرنے چھوٹے روزگار کی فراہمی کے لیے قرضوں کے حصول میں اقلیتوں کو جو مسائل و دشواریاں پیش آرہی ہیں اس کو دور کرنے بنکوں اور اقلیتوں کے درمیان حصول روزگار کے لیے پل کا کام کرنے کا مشورہ دیا ۔ ریاست کے مختلف مقامات پر اردو کمپیوٹرس ٹریننگ سنٹرس اور لائبریز ہیں ۔ ان کمپیوٹر سنٹرس میں ماڈرن کورسیس کو بھی متعارف کرتے ہوئے طلبہ کی تربیت پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی ۔ صدر نشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن امتیاز اسحاق نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر اقلیتوں کی ترقی و بہبود کے معاملے میں عہد کے پابند ہے ۔ چھوٹے روزگار فراہم کرنے کے لیے حکومت نے 50 کروڑ روپئے منظور کئے ہیں ۔ قرض کی اجرائی کے لیے حکومت کی جانب سے رہنمایانہ خطوط تیار کئے جارہے ہیں ۔ رہنمایانہ خطوط کی اجرائی کے بعد قرض فراہم کرنے کی اسکیم کا آغاز ہوجائے گا ۔۔ ن