اقلیتی اداروں کے بجٹ کی اجر ائی پر توجہ مرکوز
حیدرآباد ۔22۔ اگست (سیاست نیوز) حکومت کے مشیر برائے اقلیت و کمزور طبقات محمد علی شبیر نے اقلیتی بہبود کی اسکیمات پر عمل آوری اور بجٹ کی اجرائی کے سلسلہ میں اقلیتی اداروں کے صدورنشین اور عہدیداروں کے ساتھ 24 اگست کو اجلاس طلب کیا ہے۔ اسپیشل چیف سکریٹری اقلیتی بہبود تفسیر اقبال آئی پی ایس کے مطابق اسمبلی انتخابات سے قبل کانگریس پارٹی کی جانب سے جاری کردہ مینارٹیز ڈکلیریشن میں شامل وعدوں پر عمل آوری کا جائزہ لیا جائے گا۔ اقلیتی اداروں کے صدورنشین اور عہدیداروں کا اجلاس سکریٹریٹ میں طلب کیا گیا ہے ۔ محمد علی شبیر نے اقلیتی اسکیمات کیلئے بجٹ کی اجرائی کے مسئلہ پر چیف منسٹر ریونت ریڈی سے بات چیت کی تھی ۔ چیف منسٹر نے بجٹ کی اجرائی اور اسکیمات پر جائزہ اجلاس منعقد کرنے کی تجویز پیش کی جس کے بعد اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود تفسیر اقبال نے 24 اگست کو اجلاس طلب کیا ہے۔ وقف بورڈ، اردو اکیڈیمی ، اقلیتی فینانس کارپوریشن ، حج کمیٹی اور اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کے صدورنشین اور اعلیٰ عہدیدار اجلاس میں شرکت کریں گے۔ توقع ہے کہ اجلاس میں میناریٹی ڈکلیریشن پر عمل آوری کے لئے منصوبہ بندی کی جائے گی۔ اسی دوران جائزہ اجلاس سے قبل تفسیر اقبال نے 23 اگست کو تمام اقلیتی اداروں کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس طلب کیا ہے۔ اجلاس میں 24 اگست کو پیش کی جانے والی تفصیلات کو قطعیت دی جائے گی۔ حکومت نے اقلیتی بہبود کیلئے جاریہ سال بجٹ میں 3000 کروڑ مختص کئے ہیں۔ حکومت اس بات کی کوشش کر رہی ہے کہ جاریہ اسکیمات کے علاوہ مینارٹیز ڈکلیریشن میں شامل وعدوں کی تکمیل کیلئے درکار بجٹ جاری کیا جائے۔ حکومت کے مشیر کے جائزہ اجلاس کے بعد توقع ہے کہ چیف منسٹرایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور اقلیت کی اسکیمات کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کریں گے۔1