اردو ذریعہ تعلیم والے امیدواروں کیلئے سنہری موقع ۔ امتحانات کی تیاری پر توجہ ضروری
حیدرآباد۔22۔جون(سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود کی جاری اقلیتی اقامتی اسکولوں میں تقررات کی فہرست میں 170جائیدادیں خالص اردو کی ہیں جن پر اردو داں کا ہی تقرر ہوگا اسی لئے اردو میڈیم امیدواروں کو اعلامیہ کی اجرائی کے علاوہ امتحانات کی تیاری یقینی بناکر تیار رہنا چاہئے ۔ اقلیتی اقامتی اسکولوں کی ان جائیدادوں پر تقررات کیلئے اعلامیہ میں آئندہ ماہ کے وسط تک جاری کردیئے جانے کا امکان ہے ۔ 170خالص اردو کی جائیدادوں میں 120 ٹرینڈ گریجویٹ ٹیچرس اور 50جونیئر لکچررس کی جائیدادوں پر تقررات کئے جانے ہیں جن پر اردو داں طبقہ کو بہ آسانی ملازمت حاصل ہوسکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق تلنگانہ ریسڈینشل ایجوکیشنل انسٹیٹیوشنس رکروٹمنٹ بورڈ کی جانب سے جاری کئے جانے والے رہنمایانہ خطوط میں بھی امیدواروں کی حد عمر 44 سال رکھے جانے کا امکان ہے اسی لئے تمام اہل اور خواہشمند امیدواروں کو قبل از وقت اپنے تمام دستاویزات یکجا کرتے ہوئے ان جائیدادوں پر تقررات کے اعلامیہ کی اجرائی کے ساتھ ہی درخواستیں داخل کرنے کے لئے تیار رہنا چاہئے ۔اس موقع سے استفادہ کی کوشش میں کوئی کسر باقی نہیںر کھی جانی چاہئے ۔