متعدد طلبہ و اسٹاف کی مثبت رپورٹ ، اولیائے طلبہ و سرپرستوں میں تشویش کی لہر
حیدرآباد۔یکم اگسٹ(سیاست نیوز) تلنگانہ کے اقامتی اسکولوں کے بعد اب تلنگا نہ اقلیتی اقامتی اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ میں کورونا وائرس کی توثیق ہونے لگی ہے اور جن طلبہ کو کورونا وائرس کی توثیق ہورہی ہے انہیں قرنطینہ کے لئے گھر بھیجنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکول حسن آباد ضلع سدی پیٹ میں زیر تعلیم 16 طلباء اور 4 ارکان عملہ کو کورونا وائرس کی توثیق کے بعد انہیں گھر بھیج دیا گیا اورانہیں علاج مکمل کروانے کے بعد واپس ہونے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ تانڈور گرلز اقامتی اسکول میں تعلیم حاصل کرنے والی ایک لڑکی کو شدید بخار کے سبب گھر جانے کی اجازت دے دی گئی تھی بعد ازاں طالبہ کا معائنہ کرنے پر اس بات کی توثیق ہوئی ہے کہ وہ بھی کورونا وائرس سے متاثر ہے۔ اسی طرح اندول ضلع سنگاریڈی کے اقامتی اسکول برائے طالبات میں کورونا وائرس کے معائنوں کے دوران دو طالبات کو کورونا وائرس کی توثیق ہوئی ہے جنہیں گھر جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاستی محکمہ صحت کی جانب سے جن اقامتی اسکولوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کی توثیق ہورہی ہے ان اسکولو ں میں تعلیم حاصل کرنے والوں بالخصوص جن میں علامات پائی جا رہی ہیں ان کے معائنوں کے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ عہدیداروں کے مطابق تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکولوں میں جہاں طلبہ کو قرنطینہ کی سہولت دستیاب رہے گی ان اسکولوں میں طلبہ کو اسکول میں رکھتے ہوئے علاج کیا جائے گا اور جہاں ایسی سہولت کی گنجائش نہیں ہے ان اسکولوں سے طلبہ کو گھر جانے کی اجازت دے دی جائے گی ۔ بتایاجاتا ہے کہ اقامتی اسکولوں میں تعلیم حاصل کررہے طلبہ میں کورونا وائرس کی توثیق کے بعد اولیائے طلبہ اور سرپرستوں میں تشویش کی لہر پیدا ہونے لگی ہے اور وہ اپنے بچوں کی صحت کے متعلق تفصیلات حاصل کر رہے ہیں۔م