اقلیتی اقامتی اسکولس و ہاسٹلس کو بہتر بنانے کی ہدایت

,

   

Ferty9 Clinic

مختلف محکمہ جات کی کارکردگی پر چیف منسٹر آندھراپردیش جگن موہن ریڈی کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔/29 اگسٹ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹرآندھرا پردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی نے آج اعلیٰ سطحی اجلاس میں ایس سی، ایس ٹی اور اقلیتی بہبود کی اسکیمات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ان محکمہ جات کی کارکردگی پر معلومات حاصل کرکے کمزور طبقات کی بھلائی سے متعلق حکومت کی اسکیمات پر موثر عمل آوری کی ہدایت دی۔ جگن موہن ریڈی نے اقامتی اسکولوں اور ہاسٹلس میں معیار کی برقراری پر توجہ مرکوز کرنے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں کو وقفہ وقفہ سے اسکولوں و ہاسٹلس کا دورہ کرکے بنیادی ضرورتوں کا جائزہ لینا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ 9 طرح کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ تین مرحلوں میں یہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ اقامتی اسکولوں اور ہاسٹل میں درکار سہولتوں کے سلسلہ میں چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ایکشن پلان تیار کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہاسٹلس میں بلانکٹس اور مچھردان کے علاوہ دیگر سہولتیں فراہم کی جائیں۔ حکومت نے جو منصوبہ تیار کیا ہے اس پر بہر صورت عمل کیا جانا چاہیئے۔ چیف منسٹر نے ہاسٹلس میں سہولتوں بالخصوص تغذیہ بخش غذاؤں سے متعلق سوالات کئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جس طرح اپنے بچوں کو بہتر سہولتوں سے آراستہ اسکولوں اور ہاسٹلس میں شریک کرتے ہیں اسی طرح سرکاری اقامتی اسکولوں اور ہاسٹلس کا معیار بلند کرنا چاہیئے۔ جگن موہن ریڈی نے ہدایت دی کہ جہاں ضرورت ہو نئے ہاسٹلس کے قیام کی تجویز پیش کی جائے۔ انہوں نے ضلع کلکٹرس سے نئے ہاسٹل کے قیام کے سلسلہ میں بجٹ کی منظوری سے متعلق دریافت کیا۔ 309 ہاسٹلس میں باورچیوں ، واچ مین کے علاوہ دیگر 927 جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں تجاویز پیش کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے حکومت کے اسٹڈی سرکل کو مستحکم کرنے کی ہدایت دی تاکہ اس کے ذریعہ طلبہ کو مختلف کورسیس کی کوچنگ فراہم کی جاسکے۔ انہوں نے نامزد عہدوں میں ایس سی، ایس ٹی ، بی سی اور اقلیتوں کو 50 فیصد حصہ داری دینے کی ہدایت دی اور کہا کہ ضلع کلکٹرس کو واضح پابند کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ وائی ایس آر جیویتااسکیم کے تحت 45 سال سے زائد کی ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیتی طبقہ کی خواتین کیلئے 18750 روپئے امداد فراہم کی جارہی ہے۔ چیف منسٹر نے ایس سی، ایس ٹی کیلئے علحدہ کمیشن کے قیام کیلئے اسمبلی میں بل پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔