اقلیتی اقامتی جونیئر کالجس کے 4 طلبہ کو میڈیکل کونسلنگ میں نشست

   

تین کو ایم بی بی ایس اور ایک کو بی ڈی ایس میں داخلہ، سکریٹری بی شفیع اللہ کا بیان
حیدرآباد ۔3 ۔ نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی اقامتی جونیئر کالجس کے چار طلبہ کو میڈیکل کونسلنگ کے پہلے مرحلہ میں ایم بی بی ایس کی نشستیں حاصل ہوئی ہیں۔ سکریٹری اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ نے بتایا کہ اقامتی جونیئر کالجس کے طلبہ نے میڈیکل کونسلنگ میں حصہ لیتے ہوئے شاندار مظاہرہ کیا ہے۔ جن چار طلبہ کو ایم بی بی ایس میں نشست حاصل ہوئی ان میں طہورہ مسعود (ڈاکٹر وی آر کے ویمنس میڈیکل کالج) ، محمد سیف الدین (ایان میڈیکل کالج) ، کے رام بابو (گاندھی میڈیکل کالج) اور ای شراون کمار (جامعہ ملیہ نئی دہلی) شامل ہیں۔ شراون کمار کو بی ڈی ایس کی نشست ملی ہے۔ طہورہ مسعود کی والدہ نے بتایا کہ ان کے شوہر روزانہ محنت مزدوری کرکے گھر چلاتے ہیں۔ تلنگانہ اقامتی اسکول سوسائٹی کی نیٹ کی کوچنگ سے ان کی دختر کا خواب پورا ہوا۔ انہوں نے چیف منسٹر کے سی آر سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے اقلیتوں کی تعلیمی ترقی کیلئے اسکولوں ، جونیئر کالجس قائم کئے ہیں۔ محمد سیف الدین نے کارڈیالوجسٹ بننے کا خواب دیکھا ہے۔ انتہائی کم عمری میں والدین کے انتقال کے بعد خاندان کے بزرگوں نے ان کی سرپرستی کی۔ کے رام بابو نے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ سے اظہار تشکر کیا۔ وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور ، حکومت کے مشیر اے کے خاں نے طلبہ کو بہتر مظاہرہ پر مبارکباد پیش کی۔ بی شفیع اللہ نے کہا کہ سوسائٹی کی جانب سے اسکول اور جونیئر کالجس کے طلبہ کو مسابقتی امتحانات میں کوچنگ کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ر