کانگریس کا اقلیتی ڈیکلریشن
گیس 500 روپئے کے علاوہ 5 ضمانتوں سے بھی مسلمانوں کا کافی فائدہ ہوگا : شبیر و خسرو پاشاہ
حیدرآباد۔یکم ؍ نومبر، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے برسراقتدار آنے پر اقلیتوں کیلئے سالانہ 5 ہزار کروڑ بجٹ، اقلیتی سب پلان، 4 فیصد مسلم تحفظات کا عدالت میں بھرپور دفاع اور ائمہ، موذنین اور خادمین کے ماہانہ اعزازیہ میں اضافہ کا وعدہ کیا ہے۔ کانگریس کی میناریٹیز ڈیکلریشن کمیٹی کے صدرنشین محمد علی شبیر نے آج پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی نے اپنی سفارشات پردیش کانگریس کمیٹی کو پیش کردی ہے اور عنقریب راہول گاندھی یا پرینکا گاندھی کے ہاتھوں میناریٹیز ڈیکلریشن جاری کیا جائے گا۔ ائمہ اور موذنین کو علی الترتیب ماہانہ 10 ہزار اور 8 ہزار روپئے اعزازیہ دیا جائے گا اور پہلی مرتبہ درگاہوں کے خادمین کو اعزازیہ کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت ماہانہ 10 ہزار روپئے دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ علحدہ سب پلان کی صورت میں مکمل بجٹ خرچ نہ ہونے پر باقی رقم آئندہ سال کے بجٹ میں شامل ہوجاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بی سی طبقات کے تحفظات میں اضافہ کیا گیا تو مسلم تحفظات میں بھی اضافہ کے اقدامات کئے جائیں گے۔ محمد علی شبیر نے اقلیتی بہبود سے متعلق کے سی آر حکومت کے وعدوں کو یاد دلایا جس میں 12 فیصد مسلم تحفظات، وقف بورڈ کو جوڈیشیل پاور، اوقافی اراضیات کا تحفظ، پرانے شہر کی ترقی، مسلم بندھو اور دیگر وعدے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 9 برسوں میں بی آر ایس حکومت نے اقلیتی بہبود کیلئے 11230 کروڑ الاٹ کئے جس میں سے 35 فیصد رقم اقلیتی اداروں میں تنخواہوں اور انتظامی اخراجات پر خرچ کی گئی ہے۔ اقلیتی بہبود پر40 فیصد فنڈز خرچ نہیں کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت سپریم کورٹ میں مسلم تحفظات کے مقدمہ کی موثر پیروی میں ناکام ہوچکی ہے۔ امیت شاہ کی جانب سے مسلم تحفظات ختم کرنے کے اعلان کے باوجود کے سی آر اور اسد اویسی نے خاموشی اختیار کرلی۔ 4 فیصد مسلم تحفظات سے جاریہ سال دونوں تلگو ریاستوں میں 1500 اقلیتی طلبہ کو ایم بی بی ایس میں داخلہ ملا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامک کلچرل سنٹر، اجمیر میں رباط کی تعمیر اور درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کی ترقی کے وعدے بھی پورے نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ فیس ری ایمبرسمنٹ اسکیم کو روک دیئے جانے سے تلنگانہ میں 50 اقلیتی انجینئرنگ کالجس بند ہوچکے ہیں۔ مسلمانوں کیلئے ایک بھی میڈیکل کالج کی منظوری نہیں دی گئی۔ مجلس اور بی آر ایس میں ملی بھگت کا الزام عائد کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ اسد اویسی بی جے پی کی بی ٹیم ہیں۔ کانگریس پارٹی نے کبھی بھی بی جے پی اور آر ایس ایس سے مفاہمت نہیں کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی 6 ضمانتوں سے اقلیتوں کو بھی فائدہ ہوگا جن میں 500 روپئے میں گیس سلینڈر، خواتین کو ماہانہ 2500 کی امداد، آر ٹی سی میں خواتین کو مفت سفر کی سہولت اور ہاوزنگ اسکیم میں مسلمانوں کو 12 فیصد حصہ داری شامل ہیں۔ پریس کانفرنس میں میناریٹیز ڈیکلریشن کمیٹی کے کنوینر ظفر جاوید، مولانا خسرو پاشاہ حسینی، سید نظام الدین، سی ایچ کرن کمار ریڈی اور دوسرے موجود تھے۔
تلگودیشم جنرل سکریٹری لوکیش دہلی روانہ
حیدرآباد۔ یکم نومبر۔ ( یو این آئی) آندھراپردیش کی اصل اپوزیشن جماعت تلگودیشم کے جنرل سکریٹری و سابق ریاستی وزیر نارالوکیش دہلی روانہ ہوگئے ہیں۔ان کے والد و سابق وزیر اعلی اے پی چندرا بابو نائیڈو کی عرضی کے سپریم کورٹ میں التوا ہونے اور ریاستی حکومت کی جانب سے لوکیش کے خلاف ایک اور معاملہ درج کرنے کے پیش نظر انکے قومی دارالحکومت کے دورہ کو اہمیت حاصل ہوگئی ہے ۔
جہاں سمجھاجاتا ہے کہ وہ قانونی ماہرین سے رابطہ کرتے ہوئے قانونی رائے حاصل کریں گے ۔