عبیداللہ کوتوال نے افتتاح کیا، 31 ڈسمبر آخری تاریخ
حیدرآباد ۔16۔ڈسمبر (سیاست نیوز) اقلیتی فینانس کارپوریشن سے غریب مستحق اقلیتی خواتین کو 10ہزار سیونگ مشین کی تقسیم سے متعلق اندراماں مہیلا شکتی اسکیم کیلئے آن لائین درخواستوں کے ادخال کا آج سے آغاز ہوگیا۔ صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن محمد عبید اللہ کوتوال اور مینجنگ ڈائرکٹر کارپوریشن شریمتی اے کانتی ویسلی آئی اے ایس نے ویب سائیٹ کا افتتاح کیا۔ صدرنشین نے اقلیتی طبقہ کی خواتین سے اپیل کی ہے کہ وہ ویب سائیٹ tgobmms.cgg.gov.in پر درخواستیں داخل کریں اور ضروری دستاویزات منسلک کریں۔ آن لائین درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 31 ڈسمبر مقرر کی گئی ہے۔ عبید اللہ کوتوال نے کہا کہ اقلیتی طبقات کی غریب خواتین کو جنہوں نے کارپوریشن یا حکومت کے مسلمہ ادارہ میں سیونگ کی ٹریننگ حاصل کی ہو ، وہ اسکیم سے استفادہ کے اہل ہوں گے۔ صدرنشین فینانس کارپوریشن نے کہا کہ ریونت ریڈی حکومت نے اقلیتی فینانس کارپوریشن کے ذریعہ تین امدادی اسکیمات کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے۔ 5000 خواتین کو سبسیڈی کے طور پر 50,000 روپئے جاری کئے جائیں گے تاکہ وہ اپنے طور پر کوئی کاروبار شروع کرسکیں۔ موسی ریور فرنٹ پراجکٹ کے متاثرین کو کاروبار کے لئے دو لاکھ روپئے بطور سبسیڈی فراہم کرنے کا منصوبہ ہے ۔ دونوں اسکیمات کیلئے درخواستوں کی وصولی کے شیڈول کا عنقریب اعلان کیا جائے گا۔1