اقلیتی طبقہ مرکز کی اسکیم’ نیا سویرا ‘ سے محروم

   

پارلیمنٹ میں وزیر اقلیتی امور سمرتی ایرانی کے بیان میں انکشاف
حیدرآباد۔5۔اگسٹ(سیاست نیوز) مرکزی حکومت کی جانب سے اقلیتی طبقہ کے لئے چلائی جانے والی اسکیم ’’ نیا سویرا‘‘ سے ریاست تلنگانہ کی اقلیتیں محروم ہیں اور ان کے لئے ریاست میں کوئی ادارہ یا تنظیم اس اسکیم کو قابل عمل بنانے کے لئے آمادہ نہیں ہے! تلنگانہ میں گذشتہ تین برسو ں کے دوران مرکزی حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی اسکیم ’’نیا سویرا‘‘ سے کسی بھی ادارہ ‘ تنظیم یا فرد نے استفادہ نہیں کیا ہے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے مسابقتی امتحانات اور خصوصی تربیت کے لئے چلائے جانے والے تربیتی مراکز کے قیام اور طلبہ کو سہولتوں کو فراہمی کے لئے چلائی جانے والی اس اسکیم سے تلنگانہ کے کسی بھی ضلع میں کسی نے کوئی استفادہ حاصل نہیں کیا ہے۔ پارلیمنٹ میں مرکزی وزیر اقلیتی امور سمرتی ایرانی نے بتایا کہ حکومت کی اسکیم ’’نیا سویرا‘‘ کے استفادہ کنندگان میں بتدریج گراوٹ ریکارڈ کی جا رہی ہے ۔سال 2018 کے دوران ملک بھر سے 9580 طلبہ و نوجوانوںنے مرکزی حکومت کی اس اسکیم سے استفادہ حاصل کیا ہے اور سال 2019میں یہ تعداد گھٹ کر 5300ہوگئی اور سال 2020کے دوران ’’ نیاسویرا‘‘ اسکیم کے استفادہ کنندگان کی تعداد گھٹ کر 5090 رہ گئی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ اس تعداد میں ریاست تلنگانہ سے استفادہ حاصل کرنے والے کوئی نہیں ہیں۔ مرکزی حکومت کی جانب سے تکنیکی تعلیم‘ مسابقتی امتحانات کی تیاری‘ اہلیتی امتحانات کی تیاری کے علاوہ مختلف گروپ امتحانات کے لئے طلبہ کو تیار کرنے کے لئے چلائی جانے والی اس اسکیم پر عمل آوری کے لئے ریاست تلنگانہ سے کسی بھی ادارہ نے کوئی درخواست داخل نہیں کی ہے اور نہ ہی اس اسکیم پر عمل آوری کرنے والی ایجنسیاں مرکزی وزارت اقلیتی امور سے رجوع ہوئی ہیں۔مرکزی وزیر اقلیتی امور نے بتایا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے سال 2007-2008 کے دوران اس اسکیم کا آغاز کیا گیا تھا اور اس اسکیم پر عمل آوری کی جارہی ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست تلنگانہ میں اس اسکیم پر عمل آوری کے لئے کوئی درج فہرست تنظیم یا ادارہ موجود نہیں ہے۔ پارلیمنٹ میں مرکزی وزیراقلیتی امور کے اس بیان کے بعد یہ بات واضح ہوتی ہے کہ ریاستی حکومت کے محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے بھی اس اسکیم کو ریاست میں قابل عمل بنانے یا اس کی تشہیر کے ذریعہ ریاست کے اقلیتوں کو فائدہ پہنچانے کے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے جبکہ اس اسکیم سے استفادہ کی صورت میں اقلیتی نوجوانوں کو کافی فائدہ حاصل ہوسکتا ہے۔ ریاستی حکومت اور محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے مرکزی حکومت کی ’’نیا سویرا‘‘ اسکیم پر عمل آوری کے اقدامات کئے جاتے ہیں مسابقتی امتحانات کی تیاری کرنے والے طلبہ کو کافی سہولت حاصل ہوسکتی ہے۔م