الجیریئس۔ 24ڈسمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) الجیریا کیلئے آزادی کی جنگ لڑنے والوں میں سے آخری فوجی اور طاقتور آرمی چیف احمد صالح 79 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق الجیریا کے آرمی چیف احمد صالح صدر عبدالعزیز کو 20 سالہ اقتدار چھوڑنے پر مجبور کرنے کے حوالے سے شہرت رکھتے تھے ۔انھوں نے چار روز قبل ہی الجزائر کے نئے منتخب صدر عبدالمجید تبون کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی تھی۔ نئے صدر نے اپنے عہدہ کا حلف اٹھانے کے فوری بعد جنرل احمد قائد صالح کو ملک کا سب سے اعلیٰ اعزاز ’آرڈر آف میرٹ‘دیا تھا۔خبر رساں ایجنسی کے مطابق جنرل احمد صالح کے قلب پر حملہ ہوا جس کے باعث انہیں فوری طور پر فوجی ہاسپٹل پہنچایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے ۔ ان کی وفات پر صدر عبدالمجید تبون نے ملک میں تین دن کے سوگ کا اعلان کیا ہے اور برّی فوج کے سربراہ جنرل سعید شنقریحہ کو مسلح افواج کا قائم مقام چیف آف اسٹاف مقرر کیا ہے ۔خبر رساں ایجنسی کے مطابق جنرل صالح فرانس سے ملک کی آزادی کی جنگ لڑنے والوں میں سے آخری فوجی تھے۔