الور: راجستھان کے الور ضلع کے رام گڑھ تھانہ علاقے میں پولیس نے بی جے پی کے ضلع نائب صدر راجندر کاسانا کو حراست میں لے لیاگیا۔ ان پر اشتعال انگیز تقریر اور دھمکیاں دینے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ تیجسوینی گوتم نے کہا کہ کاسانا کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے ۔ اسے حراست میں لیا گیا ہے اور سیکشن 151 اور 108 سی آر پی سی کے تحت اسے سب ڈویژنل افسر کے سامنے پیش کیا جائے گا ۔ ان پر رام گڑھ میں دھرنے کے دوران اشتعال انگیز تقریر اور دھمکی آمیز لہجے کا استعمال کرنے کا الزام ہے۔ واضح رہیکہ رام گڑھ علاقہ میں بڑھتے جرائم کو لیکر بی جے پی کی جانب سے پیر کو رام گڑھ میں دھرنا مظاہرہ کیا گیا تھا۔اس دوران تفتیشی افسر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس راج کمل مینا کے سامنے بی جے پی کے سابق ایم ایل اے گیان دیو آہوجا کے خلاف ماب لنچنگ کے معاملے میں متنازعہ بیان دینے پر درج کیس کے تحت بیانات دئیے گئے ۔ پولیس نے آہوجا سے تقریباً 3 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی، جس کے دوران بی جے پی لیڈر راجیندر کاسانا نے اپنی تقریر میں کہا کہ انہیں دبایا جا رہا ہے اور اسے کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اگر ہمارے لیڈر کے خلاف کوئی کارروائی کی گئی تو رام گڑھ کے علاقے میں ہنگامہ برپا ہو جائے گا۔