الیکشن کمیشن پر بے بنیاد سوالات ،اپوزیشن کوشکست کے بہانے کی تلاش :جے ڈی یو

   

پٹنہ، 27 جون (یواین آئی) بہار جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے صدر امیش سنگھ کشواہا نے آج کہا کہ اپوزیشن الیکشن کمیشن کے باقاعدہ طریقہ کار پر بے بنیاد سوال اٹھا کر شکست کے بہانے تلاش کر رہی ہے ۔جمعہ کو یہاں الیکشن کمیشن کی طرف سے ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرثانی مہم پر اپوزیشن کی طرف سے اٹھائے گئے سوالات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کشواہا نے کہا کہ اپوزیشن آئندہ اسمبلی انتخابات میں اپنی ممکنہ شکست سے خوفزدہ ہے اور اس گھبراہٹ میں وہ بے بنیاد سوالات اٹھا کر جمہوریت کے باقاعدہ اور شفاف عمل کو کٹہرے میں کھڑا کرنے کی کوشش کر رہی ہے ، جو کہ انتہائی افسوسناک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہیں نہ کہیں اپوزیشن کے ذریعہ ابھی سے اپنی شکست کے بہانے تلاش کرنے جیسا ہے ۔جے ڈی یو کے ریاستی صدر نے کہا کہ الیکشن کمیشن جیسے غیر جانبدار اور آئینی ادارے کی ساکھ پر انگلیاں اٹھانا جمہوری روایات کی کھلی توہین ہے ۔