الیکشن کمیشن کے مبصرین کی عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس، امیدواروں کے حلفنامے اپ لوڈ کرنے کا مشورہ
حیدرآباد ۔8۔نومبر (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن کے خصوصی مبصر اجئے وی نائک نے ای وی ایم مشینوں کے تحفظ کے سلسلہ میں عہدیداروں کو ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمارتوں کے جس کمرہ میں الیکٹرانک ووٹنگ مشن محفوظ کئے جائیں ان سے متصل خالی کمروں کو کسی اور مقصد کیلئے استعمال نہ کیا جائے ۔ اجئے نائک نے ضلع کلکٹرس ، ایس پی اور ریٹرننگ آفیسرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا جس میں چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج اور ان کی ٹیم نے حصہ لیا۔ ایک اور خصوصی مبصر برائے پولیس دیپک مشرا نے پولیس کے نوڈل آفیسرس کو ہدایت دی کہ انتخابی ڈیوٹی کے قواعد سے متعلق ماتحت عہدیداروں کو ٹریننگ دیں تاکہ آزادانہ اور منصفانہ رائے دہی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنوں کے اطراف غیر متعلقہ افراد کو جمع ہونے کی اجازت نہ دی جائے۔ ریٹرننگ آفیسرس کو ہدایت دی گئی کہ امیدواروں کو پوسٹل ووٹرس کی تفصیلات فراہم کرنے کے بعد ان سے اکنالجمنٹ حاصل کرلیا جائے۔ انتخابی مصارف سے متعلق مبصر آر بالا کرشنن نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ انتخابی مصارف پر گہری نظر رکھیں۔ چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے عہدیداروں سے کہاکہ انتخابی مہم کے سلسلہ میں امیدواروں کو اجازت نامے جاری کرنے میں سختی نہ کریں۔ تکنیکی وجوہات کو بنیاد بناکر درخواستوں کو مسترد نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ امیدواروں کے حلفنامے ویب سائیٹ پر اپ لوڈ کئے جائیں۔ نامکمل حلفناموں کی صورت میں امیدواروں کو نوٹس جاری کی جائے۔ ویڈیو کانفرنس میں ایڈیشنل چیف الیکٹورل آفیسر لوکیش کمار ، جوائنٹ چیف الیکٹورل آفیسر سرفراز احمد ، ڈپٹی الیکٹورل آفیسر ستیہ وانی ، ڈائرکٹر جنرل پولیس انجنی کمار ، مہیش بھاگوت آئی پی ایس ، سنجے کمار جین آئی پی ایس اور دوسروں نے شرکت کی۔