ابوظہبی ۔ 3 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات کے خلاباز ہزاع المنصوری نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر خلاء سے مکہ معظمہ کی کھینچی گئی ایک تصویر پوسٹ کی ہے جو ان کی خلاء سے بھیجی گئی دوسری تصویر ہے۔اس تصویر کے ساتھ ھزاع المنصوری نے ایمان افروز تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ‘یہ وہ مکہ معظمہ ہے جس کی طرف اہل ایمان کے دل کھنچے چلے آتے ہیں، جس کے دیدار کے لیے مسلمان ہروقت دعائیں کرتے ہیں اور جہاں پہنچ کراپنے دلوں کی مرادیں مانگتے اور اپنے پرور دگار سے دعائیں مانگتے ہیں۔ برادر ملک سعودی عرب کے لیے بھرپورمحبت اور عقیدت کے ساتھ مکہ معظمہ کی تصویر پیش کی جاتی ہے’۔قبل ازیں 29 ستمبر کو خلاباز ھزاع المنصوری نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے کھینچی گئی زمین کی ایک تصویر ارسال کی۔ خلاء میں جانے کے بعد یہ ان کی پہلی تصویرتھی۔اس تصویر کے ساتھ ھزاع المنصوری کی طرف سے ایک پیغام بھی جاری کیا گیا جس میں انہوں نے فخریہ انداز میں کہا کہ ‘آخر کارمیں نے اپنے خواب کو آسمان کی دوسری طرف سے پورا کردیا۔ ھزاع کی نگاہیں خلاء سے زمین پر ہیں۔ میں نے خلائی اسٹیشن سے زمین کی پہلی تصویر لی ہے جسے زمین پر بھیج رہا ہوں۔