حیدرآباد ۔ 25 ۔ مارچ (سیاست نیوز) امرآباد ٹائیگر ریزرو میں پانی کی قلت کے سبب جانور آبادیوں کی طرف جانے پر مجبور ہیں اور ایسے میں وہ شکاریوں کا بآسانی نشانہ بن رہے ہیں۔ جاریہ موسم گرما میں امرآباد کے جنگلاتی علاقوں میں پینے کے پانی کا شدید بحران ہے ۔ گزشتہ سال بارش میں کمی کے نتیجہ میں جنگلاتی علاقوں میں جانوروں کو پینے کے پانی کی تلاش میں آبادیوں کا رخ کرنا پڑ رہا ہے۔ غذا اور پانی کی تلاش میں جنگلی جانور انسانوں پر حملہ کر رہے ہیں اور اس طرح کے کئی واقعات منظر عام پر آئے۔ موجودہ صورتحال کا شکاری فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ حکومت سے 78 لاکھ روپئے کی اجرائی کی درخواست کی گئی تاکہ جانوروں کی پیاس بجھانے کا انتظام کیا جاسکے۔ گزشتہ دو برسوں سے محکمہ جنگلات کو ضروری فنڈس جاری نہیں کئے گئے۔ این جی اوز کے عطیات اور محکمہ سیاحت کے فنڈس سے جانوروں کیلئے پانی کا انتظام کیا جارہا ہے ۔ امر آباد ٹائیگر ریزرو میں 32 شیر ، 176 چیتا ، 250 ریچھ اور 10,000 دوسرے جنگلی جانور ہیں۔ جنگلاتی علاقہ میں آیورویدک پودے اور ادویات میں استعمال ہونے والے پودوں کی کثرت ہے۔ اس علاقہ میں ہر سال دیگر ممالک سے پرندے ہجرت کرتے ہیں۔ جنگلاتی علاقہ میں آتشزدگی کے واقعات کے سبب جانور اپنے بچاؤ کیلئے آبادیوں کا رخ کرتے ہیں۔ امر آباد ٹائیگر ریزرو نے جنگلاتی عہدیداروں کو فائر مینجمنٹ ، پانی کی بچت ، درختوں کے تحفظ جیسے اقدامات کیلئے حکومت کی مدد کی ضرورت ہے۔ محکمہ جنگلات نے جانوروں کی پیاس مٹانے کیلئے مصنوعی تالابوں میں پانی کا انتظام کیا ہے۔1