نیویارک : امریکی ریاست اوہائیو میں بم کی دھمکیوں کے بعد مسلسل دوسرے دن پبلک اسکولوں اور میونسپل عمارتوں کو بند کردیا گیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق ریاست اوہائیو کے شہر اسپرنگ فیلڈ میں جمعہ کے روز ایک اور بم کی دھمکی کے بعد کئی سرکاری عمارتوں اور اسکولوں کو دوبارہ خالی کروایا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق آج صبح 13 ستمبر کو دو نئی بم دھمکیاں ای میل کے ذریعہ موصول ہوئیں۔ ایک ای میل میں شہر کے کمشنرز اور ایک سرکاری ملازم کو بھیجی گئی۔ دوسری ای میل میں کئی مقامات کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں دی گئیں، جن میں اسپرنگ فیلڈ سٹی ہال، کلف پارک ہائی اسکول، پیرن ووڈس ایلیمنٹری اسکول، روزویلٹ مڈل اسکول، بیورو آف موٹر وہیکلز، اور اوہائیو لائسنس بیورو ساؤتھ سائیڈ شامل ہیں۔
سعودی عرب اور برازیل میں خلائی تحقیق کیلئے تعاون کا معاہدہ
برازیلیا : سعودی عرب اور برازیل کے درمیان خلائی تحقیق کے شعبہ میں تعاون کا معاہدہ طے پاگیا۔ اس معاہدے کا مقصد پرامن مقاصد کے لیے خلائی تحقیق کے شعبہ میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔ یہ معاہدہ خلائی ایجنسی کی پانچویں اسپیس اکانومی لیڈرز میٹنگ میں طے پایا۔