امریکہ طویل عرصہ سے غلط فیصلے کرتا آرہا ہے : عباس عراقچی

   

تہران : 13 اگست ( یو این آئی ) ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکہ پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ ناقص انٹیلی جنس اور غلط معلومات کی بنیاد پر طویل عرصے سے غلط فیصلے کرتا آ رہا ہے، جبکہ موجودہ ایران جنگ کے حوالے سے بھی امریکی اندازوں کو ناکام قرار دیا ہے۔عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ امریکہ نے طویل عرصے سے ناقص انٹیلی جنس کی وجہ سے غلط اندازے لگائے اور فیصلے کیے ہیں۔ ان کے بقول ایران کے خلاف جنگ کے معاملے میں بھی امریکی اندازے درست ثابت نہیں ہوئے۔عباس عراقچی نے اپنے پیغام میں کہا کہ جعلی خبروں سے بھی زیادہ خطرناک جعلی انٹیلی جنس ہوتی ہے اس لیے اس معاملے میں محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے امریکہ کو بالواسطہ طور پر خبردار کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز کے بارے میں غلط معلومات یا غلط اندازوں کی بنیاد پر کیے جانے والے فیصلے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا سکتے ہیں۔عباس عراقچی نے اپنے پیغام کے اختتام پر مذہبی جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ اللہ سب سے بڑا ہے اور زمین پر موجود ہر طاقت سے بڑا ہے، ہم اللہ ہی پر بھروسا کرتے ہیں۔