واشنگٹن، 17 دسمبر (یو این آئی) امریکی صدر نے ایک بار پھر اعتراف کیا ہے کہ امریکہ اور کانگریس میں یہودی لابی کی حمایت کم ہوچکی ہے ۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں یہودی تہوار پر منعقدہ تقریب سے خطاب میں کہا امریکہ میں اسرائیل کی حمایت کم ہو گئی ہے ، کانگریس میں یہودی مخالف لابیز سرگرم ہیں اور ملک میں یہودی لابی کی مضبوطی باقی نہ رہی۔ انہوں نے کہا سڈنی میں خطرناک حملہ ہوا، ہلاکتوں پر دکھ اور افسوس ہے ، حملے میں زخمی افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں، دہشت گردی کے خلاف امریکی قوم متحد کھڑی ہے ۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہم نے معاہدہ کر کے مشرق وسطیٰ میں امن قائم کیا ہے ، حماس نے اسرائیلی قیدیوں کو رہا کر دیا اور لاشیں حوالے کیں، ہم نے ایران کا ایٹمی پروگرام تباہ کر دیا، اب روس یوکرین جنگ بھی جلد ختم کرنا چاہتا ہوں۔ یاد رہے کہ ستمبر میں بھی صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ حیران ہیں کہ واشنگٹن میں اسرائیل کی ایک زمانے کی طاقتور لابی کانگریس میں اپنا اثر و رسوخ کھو رہی ہے ۔ امریکی صدر نے اپنی ہی ریپبلکن پارٹی کے اندر رائے میں نسل در نسل تبدیلی کو تسلیم کیا۔ انھوں نے ڈیلی کالر کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کانگریس میں کسی بھی چیز یا باڈی، یا کسی بھی کمپنی یا کارپوریشن یا ریاست کی سب سے مضبوط لابی اسرائیل کی تھی، آج اس میں اتنی مضبوط لابی نہیں ہے ، یہ حیرت انگیز ہے ۔ ٹرمپ نے کہا ماضی میں آپ اسرائیل کے بارے میں برا نہیں بول سکتے تھے لیکن اب ایسا نہیں ہے ۔
