امریکہ کے تین ایرانی نیوکلیئر تنصیبات پر حملے

,

   

تمام طیارے اب ایرانی فضائی حدود سے باہر ہیں۔ فوروڈ ، نطنز اور اصفہان نشانہ : ڈونالڈٹرمپ

واشنگٹن، 22 جون (یواین آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ نے تین ایرانی نیوکلیئرتنصیبات پر حملے مکمل کر لئے ہیں جن میں ‘فورڈو، نطنزاور اصفہان’ شامل ہیں۔انہوں نے ہفتہ کو سماجی پلیٹ فارم ‘ٹروتھ سوشل’ پر کہاکہ تمام طیارے اب ایرانی فضائی حدود سے باہر ہیں۔ بموں کا پورا پے لوڈ مرکزی سائٹ، فورڈو پر گرایا گیا ۔حملے کے بعد ٹروتھ سوشل پر ٹرمپ نے لکھا کہ تہران کو اس جنگ کو ختم کرنے پر راضی ہونا چاہیے ۔ ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی آئی آراین اے نے ملک کی جوہری تنصیبات پر حملوں کا اعتراف کیا ہے ۔سی این این کی ایک رپورٹ کے مطابق ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن کے ایک تبصرہ نگار نے کہا کہ آپ نے اسے شروع کیا اور ہم اسے ختم کر یں گے ۔ اسی دوران ایک ٹیلی ویژن خطاب میں امریکی صدر ٹرمپ نے کہاکہ حملے ایک بڑی فوجی کامیابی ہے۔ ایران کی جوہری افزودگی کی اہم تنصیبات مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں۔ مشرق وسطیٰ کے دھمکی دینے والے ایران کو اب امن قائم کرنا چاہیے ۔ اگر وہ ایسا نہیں کرتے ہیں تو مستقبل کے حملے کہیں زیادہ بڑے اور بہت آسان ہوں گے ۔ سی این این نے کہا کہ ٹرمپ ایران پر اضافی امریکی حملوں کی منصوبہ بندی نہیں کر رہے ہیں اورتہران کو مذاکرات کی طرف واپس لانا چاہتے ہیں۔سی بی ایس نیوز نے کہا کہ امریکہ نے ہفتہ کو ایران سے سفارتی رابطہ کیا اور کہا کہ حملے تمام امریکی منصوبے ہیں اور حکومت کی تبدیلی کی کوشش کا کوئی منصوبہ نہیں ہے ۔مقامی میڈیا نے کہا کہ ایران کے جوہری پروگرام کو ختم کرنے کی اسرائیل کی کوششوں کی حمایت میں براہ راست مداخلت کرنے کا ٹرمپ کا فیصلہ مشرق وسطیٰ میں ایک تاریخی اضافہ کی نشاندہی کرتا ہے ۔ مقامی میڈیا نے بتایا کہ اس مداخلت سے تہران کی طرف سے پورے خطہ میں امریکی فوجیوں اور فوجی تنصیبات کے خلاف جوابی کارروائی کی جاسکتی ہے ۔13 جون کو اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے شروع کیے جانے کے نویں دن ایران پر امریکی فضائی حملے ہوئے ۔ ٹرمپ نے جمعرات کو اعلان کیا کہ وہ ایران کو مذاکرات کا حتمی موقع دینے کے لیے اگلے دو ہفتوں میںکوئی فیصلہ کریں گے ۔امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو جنگ کے خاتمہ کیلئے راضی ہونا چاہیے ۔ ایرانی میڈیا نے ملک کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کا اعتراف کیا ہے ۔ ایرانی جوہری تنصیبات پر آج ہوئے امریکی حملے کے بعد جوہری تنصیبات کی سیٹلائٹ تصاویر سامنے آگئیں۔میڈیاکی جانب فراہم کردہ تصاویر میں نطنز اور اصفہان کی جوہری تنصیبات پر ہونے والی تباہی دیکھی جاسکتی ہے۔خبررساں ایجنسی کے جانب سے فردو کے جوہری مرکز کی تصاویر جاری کی گئی ہیں جہاں امریکی حملے کے آثار دیکھے جاسکتے ہیں۔

امریکی حملہ کے خلاف تہران میں زبردست احتجاج
تہران میں جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کیخلاف ہزاروں افراد نے احتجاج کیا۔ ایرانی صدر بھی اس میں شریک ہوئے۔ امریکی حملوں کے خلاف دارالحکومت تہران میں ہزاروں افراد نے احتجاجی مارچ کیا۔تہران کے انقلاب اسکوائر پر ہونے والے اس احتجاج میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان سمیت دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے بھی شرکت کی۔