امریکہ ہمیں دباؤ اور دھمکیوں سے جھکنے پر مجبور نہیں کرسکتا: پزشکیان

   

تہران :13 ستمبر ( یو این آئی ) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایرانی عوام کبھی ہتھیار نہیں ڈالیں گے اور ایران کو دباؤ کے ذریعے تسلیم کرنے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں مسعود پزشکیان نے امریکا کی جانب سے شہری تنصیبات، خوراک اور لوگوں کے روزگار کو نشانہ بنانے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر امریکا میں ہمت ہے توایرانی فوج کا سامنا کریں، شہری بنیادی ڈھانچے اور خوراک کو کیوں نشانہ بنایا جا رہا ہے؟۔ایرانی صدر نے بنیادی ضروریات تک رسائی محدود کرنے پر بھی امریکا کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر امریکی انسانیت پر یقین رکھتے ہیں تو لوگوں کو پانی، خوراک اور ادویات تک رسائی سے کیوں محروم کیا جا رہا ہے۔مسعود پزشکیان نے واضح کیا کہ دباؤ اور دھمکیوں کے ذریعے ایران کو جھکنے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا اور ایران کبھی ہتھیار نہیں ڈالے گا۔