ماسکو : روس نے امریکہ کو جاپان میں میزائل نصب کرنے سے خبردار کر دیا۔غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق روس نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ جاپان میں اپنے میزائل نصب نہ کرے کیونکہ اس سے ملکی سلامتی کو خطرہ لاحق ہو گا، اگر ایسا ہوا تو ماسکو جوابی کارروائی بھی کر سکتا ہے۔جاپان کی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ ہنگامی صورتِ حال میں تائیوان کی مدد کے لیے جاپان اور امریکہ مشترکہ فوجی منصوبہ مرتب کرنا چاہتے ہیں جس میں میزائلوں کو نصب کرنا بھی شامل ہے۔نیوز ایجنسی نے امریکی اور جاپانی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ منصوبے کے تحت امریکا جاپان کے جنوب مغربی صوبوں کاگوشیما اور اوکیناوا کے نانسی جزائر اور فلپائن میں میزائل یونٹ نصب کرے گا۔روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان نے ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جاپان امریکا کے ساتھ فوجی تعلقات بڑھانے کا جواز پیش کر کے تائیوان کے اردگرد کی صورتِ حال تشویش ناک بنا رہا ہے۔واضح رہے کہ چند دن قبل روسی نائب وزیرِ خارجہ نے کہا تھا کہ اگر امریکا ایسے میزائل براعظم میں نصب کرتا ہے تو روس ایشیاء میں مختصر اور درمیانی فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کو نصب کرنے پر غور کرے گا۔
ملائیشیا: بارش سے 6 ریاستوں میں سیلاب
کوالالمپور : ملائیشیاء میں شدید بارشوں کے باعث 6 ریاستوں میں سیلابی صورتِ حال کا سامنا ہے۔غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ملائیشین وزیرِ اعظم انور ابراہیم کا کہنا ہے کہ متاثرہ 6 ریاستوں میں سیلابی صورتِ حال سے 37 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ بارشوں سے ریاست کلانتان سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے، جہاں 30 ہزار 582 افراد بے گھر ہو گئے۔انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں سیلابی صورتِ حال کے سبب بے گھر ہونے والے متاثرین کے لیے 322 عارضی پناہ گاہیں قائم کر دی گئی ہیں۔