واشنگٹن ۔ 23 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) چین نے حال ہی میں وجود میں آنے والی امریکی اسپیس فورس کو خلا میں سلامتی و امن کے لیے خطرہ قرار دے دیا ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ چین کو اس پیش رفت پر شدید تحفظات ہیں۔ ان کے مطابق امریکی اقدام عالمی توازن، خلاء میں امن اور استحکام کے لیے خطرہ ہے۔ امریکہ نے حال ہی میں خلاء کے لیے ایک فورس کے قیام کا اعلان کیا تھا۔ یہ پیشرفت اس سال فروری میں سامنے آنے والی اس رپورٹ کے تناظر میں سامنے آئی، جس میں امریکی حکام نے دعوی کیا تھا کہ چین اور روس نے ایسی ٹیکنالوجی تیار کر لی ہے، جس سے کسی مسلح تنازعے کی ممکنہ صورت میں امریکا اور اس کے اتحادیوں کی سیٹلائٹس کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔