امریکی ایم پیز کی افغانستان میں جنگ ختم کرنے کی اپیل

   

واشنگٹن،14 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکی ارکان پارلیمنٹ نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ افغانستان کے ساتھ 18 برسوں سے چل رہی جنگ کو اب ختم کرے ۔ یہ جنگ امریکی تاریخ میں سب سے طویل عرصے سے جاری ہے ۔ریپبلکن پارٹی کے سنیٹر رینڈ پال اور ڈیموکریٹک پارٹی کے سنیٹر ٹام اڈال نے ‘دی اٹلانٹک’ نامی ویب سائٹ میں شائع اپنے ایک مضمون میں کہا ہے کہ ‘‘جلد ہی افغانستان میں ایک ایسا تاریخی لمحہ آئے گا جب امریکی فوج وہاں سے ہٹے گی اور برسوں سے چل رہی جنگ کا خاتمہ ہوگا۔’’ہمیں امریکیوں کی بات سننی چاہئے جو مشرق وسطی میں چل رہی جنگ کی مخالفت کرتے ہیں۔ پال اور اڈال نے کہا کہ امریکی فوجیوں کی مسلسل موجودگی سے افغانستان کے لوگ اپنے ملک کی تعمیر نو اور مرکزی حکومت کو مستحکم کرنے میں اہل نہیں بن پائیں گے ۔دونوں سنیٹروں نے گزشتہ ہفتہ مشترکہ طور سے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے پنٹاگن سے ایک سال کے اندر اٖفغانستان سے امریکی فوج ہٹانے کے بارے میں منصوبہ بنانے کو کہا تھا۔امریکہ اور طالبان کے درمیان قطر کی راجدھانی دوحہ میں منگل کو ہوئی بات چیت کے بعد امریکی وزارت خارجہ نے کہا کہ بات چیت کے دوران مثبت پیشرفت کے امکانات روشن ہوئے ہیں۔سال 2001 میں امریکہ کے افغانستان میں فوج بھیجنے کے بعد سے اب تک مجموعی طور سے 2400 فوجی اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں۔