امریکی شہری کی اسپرنگ فیلڈ شہر کو بم سے اڑانے کی دھمکی

   

نیویارک : سابق امریکی صدر اور ریپبلکن پارٹی کے نامزد صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کے تارکین وطن کے خلاف الزامات سے متاثر ہوکر امریکی شہری نے شہر کو بم دھماکہ سے اڑانے کی دھمکیاںدیں۔امریکی ریاست اوہائیو کے شہر اسپرنگ فیلڈ کے حکام کا کہنا تھا کہ ہیٹی کے تارکین وطن سے متعلق ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کے جھوٹے الزامات کے بعد بم حملوں کی دھمکیاں موصول ہوئی تھیں۔مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسپرنگ فیلڈ کے میئر کا کہنا تھا کہ دھمکیاں کسی مقامی شہری کی طرف سے شہر میں تارکین وطن کی بڑھتی ہوئی تعداد پر غصے کا اظہار کرنے کیلئے دی گئیں تھیں۔ شہری نے شہر مختلف علاقوں پر بم مارنے کی دھمکیاں دی تھیں۔انہوں نے کہا کہ شہری کی جانب سے دھمکیاں موصول ہونے کے بعد میونسپل حکام نے شہر کے ٹاؤن ہال کو خالی کرو ا دیا تھا۔واضح رہے کہ ٹرمپ نے ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار کملا ہیرس کے ساتھ پہلے مباحثے کے دوران دائیں بازو کے انتہاپسندوں کے مؤقف کو بڑھاتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ہیٹی تارکین وطن اسپرنگ فیلڈ میں لوگوں کے پالتو جانوروں کو چرا کر کھا رہے ہیں۔ ٹرمپ نے تارکین وطن کے خلاف لوگوں کو ڈرانے اور ان کی بھیانک تصویرکشی کرنے کے اپنے پرانے طرز عمل کو جاری رکھتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ہیٹی پناہ گزین امریکی شہریوں کے کتے اور بلیوں کو چرا کر کھا رہے ہیں۔