واشنگٹن۔7 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے مغربی ایشیا میں کشیدگی کے پیش نظر اپنے شہریوں کو اسرائیل اور فلسطین کے سفر کے وقت الرٹ رہنے کا مشورہ دیا ہے ۔ اسرائیل میں امریکی ایمبیسی نے پیر کو جاری ایک بیان میں کہا،‘ مغربی ایشیا کی کشیدگی کے پیش نظر امریکی شہریوں کو بیرون ملک سلامتی خطرے میں پڑ سکتا ہے ’۔ امریکی شہریوں کو یروشلم، ویسٹ بینک اور غزہ پٹی کے سفر کے دوران چوکنا رہنے کی صلاح دی جاتی ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ اپنے شہریوں کو سکیورٹی کے تئیں الرٹ اور بیدار رہنے کا مشورہ دیتا ہے کیونکہ کسی بھی جگہ بغیر کسی اطلاع کے راکٹ حملہ ہو سکتا ہے ۔قابل ذکر ہے کہ گذشتہ ہفتے امریکی ڈرون حملے میں ایران کی اسلامک ریولیوشنری گارڈ کارپس کے کمانڈر قاسم سلیمانی سمیت کئی افراد کے مارے جانے کے بعدایران کی انتقامی دھمکی کے پیش نظر امریکہ نے یہ ایڈوائزری جاری کی ہے ۔ حملے کے بعد امریکہ نے کہا کہ جمعہ کو بغداد میں امریکی ایمبیسی کے تمام امریکی شہری فوراً عراق چھوڑدیں۔ علاوہ ازیں لبنان کے دارالحکومت بیروت میں امریکی ایمبیسی نے سلامتی انتباہ جاری کرکے امریکی شہریوں سے الرٹ کیا ہے کہ وہ چوکنا رہیں۔