امریکی ٹیرف میں وقفے سے شیئر بازار کو راحت

   

ممبئی: مریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے جوابی ٹیرف کے نفاذ میں 90 دن کے عارضی وقفے کے اعلان سے حوصلہ پاکر سرمایہ کاروں کی چوطرفہ خریداری کی بدولت اسٹاک مارکیٹ نے آج ابتدائی تجارت میں راحت کی سانس لی اور دونوں بینچ مارک انڈیکس سینسیکس اور نفٹی میں تقریباً دو فیصد کا اضافہ درج ہوا۔ بی ایس ای کا حساس انڈیکس سینسیکس 1413.87 پوائنٹس یعنی 1.91 فیصد کی چھلانگ لگا کر 75,261.05 پوائنٹس تک پہنچ گیا، جبکہ نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا نفٹی 451.75 پوائنٹس یعنی 2.02 فیصد بڑھ کر 22,850 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔آج کاروبار کے آغاز پر سینسیکس 988.34 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 74,835.49 پر کھلا اور خبر لکھنے تک، یہ 75,279.45 پوائنٹس کی بلند ترین سطح اور 74,762.84 پوائنٹس کی کم ترین سطح کے درمیان تھا۔ اسی طرح نفٹی بھی 296.25 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 22,695.40 پوائنٹس پر کھلا۔