امریکی یونیورسٹیز میں تعلیمی سہولتوں کے بارے میں سفارتخانہ کی جانب سے ایجوکیشن فیر

   

16 اگست کو حیدرآباد میں انعقاد، مزید 8 شہروں میں امیدواروں کی رہنمائی، 80 یونیورسٹیز کے نمائندے شرکت کریں گے
حیدرآباد ۔ 12 اگست (سیاست نیوز) امریکی یونیورسٹیز میں انڈرگریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ اور ڈاکٹریٹ پروگراموں میں داخلہ کے لئے ہندوستانی طلبہ کی موثر رہنمائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ امریکی سفارتخانہ نئی دہلی نے ہندوستان میں موجود اپنے کونسلیٹس کے اشتراک سے ’’ایجوکیشن یو ایس اے فیرس‘‘ کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ امریکی سفیر ایرک گیرسٹی کے مطابق 16 اگست کو حیدرآباد سے ایجوکیشن فیر کا آغاز ہوگا اور 25 اگست کو نئی دہلی میں آخری پروگرام منعقد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے سلسلہ میں ہندوستانی طلبہ کی رہنمائی کے لئے یہ فیرس منعقد کئے جارہے ہیں۔ انڈرگریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ اور ڈاکٹریٹس کورسیس میں شرکت کے خواہشمند امیدواروں کے لئے امریکہ کی 80 مسلمہ یونیورسٹیز اور کالجس کے نمائندے دستیاب رہیں گے۔ ایجوکیشن فیر میں داخلہ کی کوئی فیس نہیں ہوگی تاہم امیدواروں کو رجسٹریشن کروانا ہوگا۔ امریکی سفیر کے مطابق ایجوکیش فیر میں امریکن یونیورسٹیز میں آفر کئے جانے والے کورسیس کی تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔ سائنس، ٹکنالوجی، انجینئرنگ، آرٹس اور بزنس جیسے شعبہ جات میں طلبہ کی رہنمائی کی جائے گی تاکہ وہ اپنے تابناک مستقبل کو یقینی بنا سکیں۔ کالجس کے نمائندے درخواستوں کے ادخال کے علاوہ ویزا پروسیسنگ کے بارے میں رہنمائی کریں گے۔ داخلوں کے علاوہ اسکالرشپ کیمپس کی سہولتیں اور دیگر مراعات کے بارے میں امیدواروں کو واقف کرایا جائے گا۔ امریکی سفیر نے بتایا کہ امیدواروں کو داخلوں کے سلسلہ میں بہتر رہنمائی کے مقصد سے 16 تا 25 اگست حیدرآباد، چینائی، بنگلورو، کولکتہ، احمد آباد، پونے، ممبئی اور نئی دہلی میں ایجوکیشن فیر منعقد ہوں گے۔ ایجوکیشن فیر میں یونیورسٹی کے نمائندوں کے علاوہ ماہرین اور امریکی سفارتخانہ کے نمائندے موجود رہیں گے۔ امریکی یونیورسٹیز میں تعلیمی سہولتوں کے علاوہ ویزا اور دیگر امور کے بارے میں رہنمائی کی جائے گی۔ حیدرآباد میں 16 اگست کو آئی ٹی سی کوہینور ہوٹل میں ایجوکیشن فیر منعقد ہوگا جو شام 4:30 بجے تا رات 9:00 بجے جاری رہے گا۔ ایجوکیشن فیر میں شرکت کے خواہشمند امیدوار ویب سائٹ www.educationusa.in یا [email protected] سے ربط قائم کرسکتے ہیں۔ 1