امن اور بھائی چارہ کے گاندھیائی اُصولوں کیخلاف مفادات حاصلہ کی مہم ناقابل برداشت: کے سی آر

   


دانشوروں اور اسکالرس سے خاموشی توڑنے کی اپیل، نوجوان اور کسان مسائل کا شکار، گاندھی جی کے مجسمہ کی نقاب کشائی تقریب سے چیف منسٹر کا خطاب

حیدرآباد۔/2اکٹوبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے دعویٰ کیا ہے کہ گاندھیائی اُصولوں پر چلتے ہوئے تلنگانہ حکومت ریاست کو ترقی کی راہ پر گامزن کئے ہوئے ہے۔ انہوں نے دانشوروں اور اسکالرس پر زور دیا کہ مہاتما گاندھی کے فلسفہ اور اصولوں پر کسی بھی حملے کی شدت سے مخالفت کریں۔ چیف منسٹر نے افسوس کا اظہار کیا کہ حالیہ عرصہ میں بعض ایسے معاملات منظر عام پر آئے جس میں گاندھیائی اُصولوں کو بعض مفادات حاصلہ کی جانب سے نشانہ بنایا گیا۔ یہ سرگرمیاں ناقابل برداشت ہیں اور ان کی سختی سے مذمت کی جانی چاہیئے۔ دانشوروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس طرح کی سرگرمیوں کی مذمت کریں اور گاندھیائی اُصولوں کو فروغ دیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ آج سکندرآباد میں مہاتما گاندھی کے 16 فیٹ طویل مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دی اور مہاتما گاندھی روڈ سکندرآباد میں مجسمہ گاندھی پر پھول نچھاور کرتے ہوئے خراج پیش کیا۔ گاندھی جینتی کے موقع پر حکومت کی جانب سے تقاریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔ مجسمہ کی نقاب کشائی کے بعد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ بعض گوشوں کی جانب سے گاندھیائی اُصولوں کی اہمیت کو گھٹانے کی ناکام کوشش کی گئی۔ اقوام متحدہ نے گاندھی جی کو ’’ میان آف ملینم ‘‘کا اعزاز دیا ہے اور مہاتما گاندھی کی تعلیمات اور ان کے اصول دنیا بھر کیلئے مشعل راہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے دیہی اور شہری علاقوں کی ترقی سے متعلق پلے پرگتی اور پٹنا پرگتی پروگراموں کو گاندھیائی اُصولوں سے متاثر ہوکر شروع کیا ہے۔ اس پروگرام پر کامیاب عمل آوری کے نتیجہ میں مرکز سے کئی ایوارڈز حاصل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدم تشدد ، امن اور بھائی چارے کے اصولوں کے ذریعہ تلنگانہ حکومت ترقی کے اقدامات کررہی ہے۔ علحدہ تلنگانہ تحریک میں بھی گاندھی جی کے اصولوں کو اختیار کیا گیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ 2 اکٹوبر سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری کا یوم پیدائش ہے جنہوں نے ’جئے جوان، جئے کسان ‘ کا نعرہ دیا تھا۔ ملک میں یہ دونوں طبقات مسائل کا شکار ہیں۔ اگنی پتھ اسکیم کے خلاف نوجوانوں نے ملک بھر میں احتجاج منظم کیا جبکہ فصلوں کی اقل ترین امدادی قیمت کیلئے کسان مسائل کا سامنا کررہے ہیں۔ دانشوروں اور اسکالرس کو خاموش رہنے کے بجائے مخالف عوام پالیسیوں کی مذمت کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مراحل عارضی نوعیت کے ہیں۔ گاندھی ہاسپٹل کے روبرو 1.25 کروڑ کے خرچ سے مہاتما گاندھی کا کانسہ کا مجسمہ نصب کیا گیا ہے جو 5 ٹن وزنی ہے۔ تقریب میں ریاستی وزراء ہریش راؤ، ٹی سرینواس یادو، سرینواس گوڑ، نائب صدرنشین پلاننگ بورڈ ونود کمار، رکن کونسل وانی دیوی، میئر وجیہ لکشمی، ارکان اسمبلی گوپی ناتھ، ڈی ناگیندر، ایم گوپال، اسپیشل چیف سکریٹری اروند کمار اور دیگر عہدیدار اور عوامی نمائندے شریک تھے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم اس ملک میں بستے ہیں جہاں گاندھی کا جنم ہوا۔ انہوں نے مذہب، ذات پات اور علاقہ واریت سے بالاتر ہوکر ہر ہندوستانی کو جدوجہد آزادی میں شامل کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی جی کی تعلیمات کو عام کرنے کیلئے یوم آزادی تقاریب کے موقع پر حکومت نے تھیٹرس میں فلم ’’ گاندھی ‘‘ کے 5 ہزار شو کا اہتمام کیا تھا۔ اسکولی طلبہ کیلئے اس فلم کی نمائش کی گئی تھی۔ 25 لاکھ طلبہ نے اس فلم کا مشاہدہ کیا۔چیف منسٹر نے کہا کہ گاندھی جی کے اُصولوں پر نکتہ چینی سے گاندھی جی کے مقام میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔ چیف منسٹر کے سی آر نے کہا کہ امن کے بغیر زندگی میں سکون اور ترقی ممکن نہیں ہے اور بعض مفادات حاصلہ سماج میں بھائی چارے کے ماحول کو بگاڑنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن انہیں کامیابی حاصل نہیں ہوگی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ سبھاش چندر بوس نے خود کو گاندھی جی کا شاگرد قرار دیا تھا جنہوں نے ملک کی آزادی کیلئے آزاد ہند فوج تشکیل دی تھی۔ر