نئی دہلی، 7 اگست (یو این آئی) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ 12 اگست کو بھارت منڈپم میں کنفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرز (کیٹ) اور انڈیا ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن (آئی ٹی پی او) کے مشترکہ اہتمام میں منعقد ہونے والے بھارتیہ ویاپار مہوتسو 2026 کا افتتاح کریں گے ۔بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ اور کیٹ کے قومی جنرل سکریٹری پروین کھنڈیلوال نے جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ اس مہوتسو کا مقصد ہندوستان کی تجارتی، صنعتی اور کاروباری صلاحیتوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ محض ایک نمائش نہیں بلکہ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں نئے ہندوستان کی معاشی طاقت، خود اعتمادی، اختراع اور عالمی امنگوں کا مظہر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقریب وزیراعظم کے ‘ووکل فار لوکل’، ‘لوکل ٹو گلوبل’ اور ‘آتم نربھر بھارت’ کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کی ایک اہم کوشش ہے ۔ اس کا مقصد ہندوستانی صنعت کاروں، تاجروں، اسٹارٹ اپس، ایم ایس ایم ای ، خواتین کاروباری شخصیات، دستکاروں اور خدمات کے شعبے سے وابستہ افراد کو ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے ، جہاں سے وہ عالمی منڈیوں تک اپنی رسائی بڑھا سکیں۔ پروین کھنڈیلوال نے بتایا کہ افتتاحی تقریب میں امیت شاہ کے علاوہ تجارت و صنعت کے مرکزی وزیر پیوش گوئل، دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا اور کیٹ کی اسٹریٹجک مشیر اسمرتی ایرانی بھی شریک ہوں گی۔ اس موقع پر متعدد مرکزی وزراء، اعلیٰ سرکاری حکام، صنعت و تجارت سے وابستہ سرکردہ شخصیات اور مختلف ممالک کے تجارتی وفود کی بھی شرکت متوقع ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتیہ ویاپار مہوتسو ملک میں اب تک کا سب سے بڑا ‘میڈ اِن انڈیا’ تجارتی میلہ ہے۔
، جو مکمل طور پر ہندوستانی مصنوعات، خدمات، ٹیکنالوجی اور اختراعات کے فروغ کیلئے وقف ہے ۔ ملک کی مختلف ریاستوں سے 700 سے زائد اسٹال اس میں حصہ لے رہے ہیں، جبکہ لاکھوں کاروباری شرکا، کارپوریٹ خریدار، صنعت کار اور کاروباری افراد کی شرکت کی توقع ہے ۔ اس کے علاوہ 40 سے زائد ممالک سے تجارتی وفود اور خریدار اس میں شریک ہوں گے ، جس سے یہ عالمی کاروباری پلیٹ فارم کی شکل اختیار کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس چار روزہ مہوتسو کی نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ یہ صنعت کاروں، برآمد کنندگان، اسٹارٹ اپس، بڑی صنعتوں، خواتین کاروباری شخصیات، دیہی دستکاروں اور جدید ٹیکنالوجی کمپنیوں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر یکجا کرے گا۔ اس دوران بائر-سیلر میٹنگز، بی ٹو بی اور بی ٹو جی نیٹ ورکنگ سیشنز، سرمایہ کاری و برآمدات سے متعلق مذاکرات، اسٹارٹ اپ شوکیس، تکنیکی نمائشیں اور مختلف موضوعات پر پینل مباحثے منعقد کیے جائیں گے ، جو تجارتی توسیع کے نئے مواقع فراہم کریں گے ۔