نئی دہلی۔21 مئی ۔ (یو این آئی )یوتھ کانگریس نے کہا کہ تنظیم نے بی جے پی کے لیڈر امیت مالویہ اور صحافی ارنب گوسوامی کے خلاف لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کو بدنام کرنے کی سازش اور کانگریس پارٹی کو ترکی سے جوڑنے کے الزام میں غیر ضمانتی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کرائی ہے ۔ چہارشنبہ کو یوتھ کانگریس کے قومی ترجمان ورون پانڈے نے کہا کہ یہ ایف آئی آر کرناٹک کی راجدھانی بنگلورو میں تنظیم کے انچارج کرشنا الوارو، یوتھ کانگریس کے صدر ادے بھانو چِب اور قانونی شعبہ کے قومی چیئرمین روپیش بھدوریا کی ہدایت پر درج کرائی گئی ہے ۔ایف آئی آر کے اندراج کے بعد چِب اور بھدوریا نے کہا کہ کانگریس کو بدنام کرنے ، بدامنی پھیلانے اور قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی بدنیتی پر مبنی کوشش جمہوریت پر سیدھا حملہ ہے اور یوتھ تنظیم پارٹی یا اس کی قیادت کے خلاف جعلی خبریں پھیلانے کی کسی بھی کوشش کا سختی سے قانونی اور سیاسی طور پر جواب دیا جائے گا۔