لکھنؤ۔ اُتر پردیش کے سابق آئی پی ایس آفیسر امیتابھ ٹھاکر نے اپنے ریٹائرمنٹ کے بعد گومتی نگر میں واقع رہائش گاہ کی نام کی تختی تبدیل کرتے ہوئے اسے سوشیل میڈیا پر شیئر کیا ہے۔ انہوں نے اپنے گھر میں لگی تختی پر’’ امیتابھ ٹھاکر آئی پی ایس ( جبراً ریٹائرڈ ) ‘‘ لکھوایا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے نیم پلیٹ کے ساتھ اپنی تصویر کھنچواکر فیس بُک اور ٹوئیٹر پر شیئر کیا ہے۔ سابق آئی پی ایس آفیسر کا کہنا ہے کہ انہیں وقت سے پہلے زبردستی ہٹادیا گیا ہے۔ اس لئے وہ اپنے لئے اب ان ہی الفاظ کا استعمال کریں گے۔ امیتابھ ٹھاکر کا کہنا ہے کہ جبراً ریٹائر کرنے حکومت کے فیصلہ سے انہیں افسوس ہونے کی جگہ خوشی ہورہی ہے اور وہ اس کا لطف اٹھارہے ہیں کیونکہ انہوں نے اپنے گھر کی تختی کو ٹوئیٹ کرنے کے ساتھ ہی سوشیل میڈیا پر وائرل کیا ہے۔ وزارت داخلہ نے آئی پی ایس آفیسر امیتابھ ٹھاکرکو وقت سے قبل ہی سبکدوش کرنے کا حکم دیا تھا۔