امیر ترین ایلون مسک کی دولت میں تاریخی اضافہ

   

Ferty9 Clinic

ایک ہی دن میں 167 ارب ڈالر کی ریکارڈ بڑھوتری

واشنگٹن۔ 16 ڈسمبر (ایجنسیز) ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایلون مسک کی دولت میں ایک غیر معمولی اور تاریخی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ بلومبرگ بلینئر انڈیکس کے مطابق، 16 دسمبر کو ایلون مسک کی مجموعی دولت بڑھ کر 638 ارب ڈالر تک پہنچ گئی، جو اب تک کا سب سے بڑا یومیہ اضافہ مانا جا رہا ہے۔ صرف ایک ہی دن میں ایلون مسک کی دولت میں 167 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا، جو دنیا کے معروف سرمایہ کار وارن بفیٹ کی پوری زندگی کی کمائی سے بھی زیادہ ہے۔ سال 2025 کے آغاز سے اب تک ایلون مسک کی خالص دولت میں 205 ارب ڈالر کا اضافہ ہو چکا ہے۔اس غیرمعمولی اضافے کے بعد ایلون مسک نے دنیائے سرمایہ کاری کے بڑے نام وارن بفیٹ کو بہت پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ وارن بفیٹ کی مجموعی دولت اس وقت تقریباً 152 ارب ڈالر ہے، جو ایلون مسک کی دولت کے مقابلے میں کہیں کم ہے۔بلومبرگ کی عالمی ارب پتیوں کی فہرست میں ایلون مسک پہلے نمبر پر برقرار ہیں، جبکہ گوگل کے شریک بانی لیری پیج تقریباً 265 ارب ڈالر کی دولت کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ ایلون مسک اور لیری پیج کے درمیان دولت کا فرق 373 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے، جو اس فہرست میں پہلے اور دوسرے نمبر کے درمیان اب تک کا سب سے بڑا فرق مانا جا رہا ہے۔بھارت کے سب سے امیر صنعت کار مکیش امبانی عالمی ارب پتیوں کی فہرست میں 18ویں نمبر پر موجود ہیں، جن کی دولت تقریباً 106 ارب ڈالر بتائی جا رہی ہے۔ اسی طرح گوتم اڈانی 20ویں مقام پر ہیں، جن کی مجموعی دولت 85.2 ارب ڈالر کے قریب ہے۔ ایلون مسک کی دولت میں اس تاریخی اضافے کی بنیادی وجہ اسپیس ایکس کی نئی ویلیوایشن ہے۔ حالیہ اندازوں کے مطابق، اسپیس ایکس کی مالیت بڑھ کر تقریباً 800 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے، جس کے بعد یہ دنیا کی سب سے قیمتی نجی کمپنی بن گئی ہے۔ایلون مسک کے پاس اسپیس ایکس میں تقریباً 42 فیصد حصص ہیں، جس کی وجہ سے کمپنی کی ویلیوایشن میں ہونے والے اضافے کا براہِ راست فائدہ ان کی ذاتی دولت کو ہوا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ بلومبرگ بلینئر انڈیکس میں کسی ایک فرد کی دولت 600 ارب ڈالر کی حد عبور کرتے ہوئے درج کی گئی ہے۔